پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن کا اختتام 4 وکٹوں پر 328 رنز کے ساتھ کیا، کپتان شان مسعود اور عبداللہ شفیق ( Shaan Masood and Abdullah Shafiq ) نے شاندار سنچریاں اسکور کیں۔
ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں جاری اس میچ میں پاکستان کو ابتدائی نقصان اس وقت ہوا جب صائم ایوب 8 کے مجموعی اسکور پر صرف 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ اس کے بعد شان مسعود اور عبداللہ شفیق نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے اننگز کو مستحکم کیا اور 253 رنز کی شراکت قائم کی۔ شان مسعود نے 151 اور عبداللّٰہ شفیق نے 102 رنز بنائے۔
پاکستان کی دوسری وکٹ 261 رنز پر گری جب عبداللّٰہ شفیق آؤٹ ہوئے اور صرف دو رنز کے بعد شان مسعود بھی 151 رنز پر پویلین لوٹ گئے۔ بابر اعظم 30 رنز بنا کر چوتھے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے۔ سعود شکیل 35 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں جبکہ نسیم شاہ نائٹ واچ مین کے طور پر دوسرے دن کا آغاز کریں گے۔
انگلینڈ کی جانب سے گس ایٹکنسن نے 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ کرس ووکس اور جیک لیچ نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
پاکستان کا بیٹنگ کا فیصلہ
ملتان ٹیسٹ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ کپتان شان مسعود کا کہنا تھا کہ ہم ٹیم میں 2 اسپنرز اور 3 فاسٹ بولرز کے ساتھ کھیل رہے ہیں اور چیزوں کو درست کرتے ہوئے کامیابی کی طرف لوٹنے کا عزم رکھتے ہیں۔ انگلش کپتان اولی پاپ نے کہا کہ اگر وہ ٹاس جیتتے تو بیٹنگ ہی کرتے۔
پاکستان کی پلیئنگ الیون
شان مسعود (کپتان) (Shan Masood) ، سعود شکیل، بابر اعظم، صائم ایوب، عبداللّٰہ شفیق، محمد رضوان، سلمان علی آغا، عامر جمال، شاہین آفریدی، نسیم شاہ، اور ابرار احمد۔
انگلینڈ کی پلیئنگ الیون
اولی پاپ (کپتان)، زیک کرولی، بین ڈکٹ، جو روٹ، ہیری بروک، جیمی اسمتھ، کرس ووکس، گس ایٹکنسن، جیک لیچ، شعیب بشیر، برائیڈن کارس۔