پی ٹی آئی احتجاج کے پیش نظر حفاظتی اقدامات: راولپنڈی سیل، دفعہ 144 نافذ

تحریک انصاف کے ڈی چوک پر احتجاج ( Protest on D Chowk) کے پیش نظر سرگودھا اور اٹک میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے، جس کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ اس پابندی کا اطلاق 4 اکتوبر سے 6 اکتوبر تک ہوگا، اور اس دوران کسی بھی قسم کے جلسے یا جلوس کی اجازت نہیں ہوگی۔ اسلام آباد میں پرائیویٹ اسکولز کل بند رہیں گے تاکہ بچوں کی حفاظت یقینی بنائی جا سکے۔

ذرائع کے مطابق، راولپنڈی میں داخلی اور خارجی راستے مکمل طور پر بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اور میٹرو بس سروس معطل رہے گی۔ موٹر وے ایم 1 اور ایم 2 بھی مکمل طور پر بند ہو گی، جبکہ ٹیکسلا، چکری، روات اور اے ڈبلیو ٹی سے راستے بند کر دیے جائیں گے۔

مزید اطلاعات کے مطابق، قانون نافذ کرنے والے اداروں نے موبائل نیٹ ورک بند کرنے کی تجویز ہوم ڈیپارٹمنٹ کو پیش کی ہے۔ راولپنڈی میں پولیس کے 4 ہزار سے زائد افسران اور اہلکار تعینات کیے جائیں گے، جبکہ اینٹی رائٹ فورس بھی الگ سے تعینات ہوگی۔ پولیس کو آنسو گیس اور ربڑ کی گولیاں فراہم کر دی گئی ہیں۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ احتجاج کے دوران پی ٹی آئی کارکنان کو فوری گرفتار کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں، جبکہ راولپنڈی انتظامیہ نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے پرہیز کرنے کی ہدایت دی ہے۔ تحریک انصاف کے احتجاج ( Protest) اور ممکنہ راستوں کی بندش کے پیش نظر، پرائیویٹ اسکول ایسوسی ایشن نے کل اسکول بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ جنرل سیکرٹری وحید خان نے کہا کہ بچوں کی حفاظت اولین ترجیح ہے، اور آج کے کنٹینر کی وجہ سے طلباء کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

مزیدخبروں کے لیے ہماری ویب سائٹ ہم مارخور وزٹ کریں۔