رائٹ سائزنگ کے تحت ادارے بند کرنے کا عمل شروع، محکمہ بہبود آبادی سب سے پہلے نشانے پر

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وفاقی حکومت نے رائٹ سائزنگ (Right sizing) کے تحت محکمہ بہبود آبادی کو بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

حکومتی ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ وفاقی کابینہ سے اس تجویز کی منظوری حاصل کر لی گئی ہے۔ اس فیصلے کا مقصد وفاقی حکومت کے حجم کو کم کرنا ہے، جس کے تحت عمل درآمد کی ذمہ داری وفاقی وزارت صحت کو سونپی گئی ہے۔

یاد رہے کہ رائٹ سائزنگ منصوبے کے تحت حکومت مختلف اداروں کو بند کرنے اور نجکاری کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ ذرائع کے مطابق پہلے مرحلے میں 5 وفاقی وزارتوں کے ماتحت ادارے بند کرنے کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے، اور اس ضمن میں متعدد اداروں کی نشاندہی بھی کی جا چکی ہے۔

وزارت صنعت و پیداوار کے زیر انتظام کراچی ٹولز ڈائز اینڈ مولڈز سینٹر اور نیشنل پروڈکٹیوٹی آرگنائزیشن کو بند کرنے کی تجاویز دی گئی ہیں۔ ساتھ ہی پاکستان انڈسٹریل ٹیکنیکل اسسٹنس سینٹر اور ٹیکنالوجی اپ گریڈیشن اینڈ اسکل ڈیولپمنٹ کمپنی کو بھی ختم کرنے کی تجاویز زیر غور ہیں۔ مزید برآں، یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کی نجکاری یا بندش کی بھی تجویز دی جا چکی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے نیشنل فرٹیلائزر کارپوریشن اور نیشنل فرٹیلائزر مارکیٹنگ لمیٹڈ کی بندش کے لیے وزارت صنعت و پیداوار کو خصوصی ہدایات جاری کی ہیں۔

واضح رہے کہ شہباز شریف حکومت نے ‘رائٹ سائزنگ’ (Right sizing) کے نام سے ایک منصوبہ ترتیب دیا ہے جس کا بنیادی مقصد مختلف اداروں کی نجکاری اور غیر ضروری محکموں کو ختم کر کے اربوں روپے کی بچت کرنا ہے۔

مزیدخبروں کے لیے ہماری ویب سائٹ ہم مارخور وزٹ کریں۔