نیپال میں دو دنوں سے جاری موسلا دھار بارشوں نے شدید سیلابی (Nepal Heavy Rains) صورتحال پیدا کر دی ہے، جس کے نتیجے میں 170 افراد ہلاک اور 62 افراد لاپتہ ہو گئے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق، دارالحکومت کاٹھمنڈو سمیت مختلف علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب کی وجہ سے معمولات زندگی متاثر ہو گئے ہیں۔ ٹریفک معطل ہے اور اسکولوں کو تین روز کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔
کچھ علاقوں میں 322 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی گئی ہے، جس کی وجہ سے دریاؤں میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بڑھ گئی ہے۔ ریسکیو حکام نے کٹھمنڈو کے ایک علاقے میں لینڈ سلائیڈنگ میں بہہ جانے والی دو بسوں سے 16 مسافروں کی لاشیں نکالنے کی کوششیں جاری رکھی ہیں۔
مٹی کے تودے گرنے کے باعث ہلاک ہونے والوں میں 37 افراد کاٹھمنڈو سے ہیں۔ زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا جا رہا ہے، جبکہ دیہی علاقوں میں کئی سڑکیں بند ہو چکی ہیں اور پروازیں بھی معطل ہیں۔
بہت سے لوگ اپنے گھروں سے محفوظ مقامات پر منتقل ہونے پر مجبور ہو چکے ہیں، اور کھڑی فصلوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ بارشوں کے باعث فصلوں کی پیداوار متاثر ہوئی ہے، جس کے سبب کاشتکاروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
نیپال میں تین دن کی شدید بارش (Nepal Heavy Rains) کے بعد آج موسم میں بہتری آئی ہے، لیکن مٹی کے تودے گرنے کی وجہ سے اہم شاہراہیں بند ہیں، جس کی وجہ سے کاٹھمنڈو تک رسائی انتہائی مشکل ہو گئی ہے۔