پنجاب حکومت کا بڑا سیاحتی اقدام: لاہور، بہاولپور اور راولپنڈی میں ڈبل ڈیکر بسیں، شیشے والی ٹرین کا منصوبہ بھی شامل

پنجاب حکومت نے لاہور میں سیاحت کے فروغ کے لیے پانچ نئی ہائبرڈ ڈبل ڈیکر بسیں (Hybrid double Decker bus) مختلف روٹس پر چلانے کا اعلان کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ایک ایک ڈبل ڈیکر بس بہاولپور اور راولپنڈی میں بھی چلائی جائے گی.

مزید یہ کہ ملتان اور فیصل آباد میں بھی سیاحت کو فروغ دینے کے لیے ڈبل ڈیکر بس سروس کا آغاز کیا جائے گا۔ افتتاحی تقریب کے دوران وزیر اعلیٰ مریم نواز نے ہائبرڈ ڈبل ڈیکر بس (Hybrid double Decker bus) کا معائنہ کیا اور اس میں سفر بھی کیا، جبکہ متعلقہ حکام نے انہیں سروس کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔

پنجاب حکومت کی طرف سے دی گئی بریفنگ میں بتایا کہ ڈبل ڈیکر بس سروس کا آغاز نومبر 2015 میں سابق وزیر اعلیٰ شہباز شریف کے دور میں پنجاب کے محکمہ سیاحت کے تحت کیا گیا تھا۔ یہ سیاحتی بسیں مختلف طبقات جیسے سفارت کاروں، سرکاری مہمانوں، کارپوریٹ سیکٹر کے افراد، مشہور شخصیات، اساتذہ اور عام لوگوں کو سیاحتی مقامات کی سیر کروانے کا موقع فراہم کرتی ہیں۔

لاہور میں نئی سیاحتی بسوں کا روٹ قذافی اسٹیڈیم سے مختلف تاریخی اور سیاحتی مقامات تک وسیع ہوگا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے اس موقع پر کہا کہ پنجاب بھر میں شہری سیاحت کو فروغ دینے کے لیے جدید اور ماحول دوست بسیں فراہم کی جائیں گی۔

حال ہی میں پنجاب حکومت نے راولپنڈی اور بھوربن کے درمیان شیشے والی ٹرین کا منصوبہ بھی شروع کیا ہے جو مری کے علاقے میں چلائی جائے گی۔ اس منصوبے کی نگرانی کے لیے ایک ٹاسک فورس تشکیل دی گئی ہے، جس میں 18 محکمے شامل ہیں، اور اس کی قیادت پنجاب کے وزیر ٹرانسپورٹ کریں گے، جبکہ راولپنڈی اور مری کے ڈپٹی کمشنرز بھی اس ٹیم کا حصہ ہوں گے۔

یہ 65 کلومیٹر لمبا ریلوے روٹ راولپنڈی کے صدر سے شروع ہوگا اور مارگلہ ہلز اور بھارا کہو جیسے خوبصورت علاقوں سے گزرتا ہوا بھوربن میں اختتام پذیر ہوگا۔
مزیدخبروں کے لیے ہماری ویب سائٹ ہم مارخور وزٹ کریں۔