سابق وزیراعظم عمران خان( Imran Khan) نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ اور معیشت سمیت پورا نظام خطرے میں ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ملک کی حالت خراب کرنے کے بعد اب سپریم کورٹ کو بھی نقصان پہنچانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ عمران خان نے نئے چیف جسٹس کے انتخاب کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ آئینی عدالت کا بنیادی مقصد سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کی اختیارات کو کم کرنا ہے۔ انہوں نے قاضی فائز عیسیٰ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ آئینی ترامیم کے فوائد اٹھا رہے ہیں اور انصاف کی راہ میں رکاوٹ بنے ہوئے ہیں۔
راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حالات میں سپریم کورٹ میں جو کچھ ہو رہا ہے، وہ سب کو واضح ہے۔ انہوں نے “گینگ آف تھری” کی توسیع کی کوششوں پر بھی کڑی نکتہ چینی کی اور کہا کہ ان کے فیصلے پہلے سے لکھے جاتے ہیں، بس ججز آکر انہیں سناتے ہیں۔
عمران خان (Imran Khan) نے الزام لگایا کہ حکومت عدلیہ کو تباہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے اور انتخابات کے نتائج کو چھپانے کے لیے اپنے ججز چاہتی ہے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ اگر راولپنڈی میں جلسے کی اجازت نہیں دی گئی تو وہ احتجاج کریں گے۔