امریکا میں چین کے لیے جاسوسی کے جرم میں سی آئی اے(CIA) کے سابق افسر 71 سالہ الیگزینڈر چنگ ما کو دس سال قید کی سزا دی گئی ہے۔
عالمی خبر رساں اداروں کے مطابق، الیگزینڈر چنگ ما کو اگست 2020 میں 50 ہزار امریکی ڈالر کے عوض خفیہ معلومات چین کو فراہم کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔
الیگزینڈر چنگ ما نے 1982 سے 1989 تک سی آئی اے میں خدمات انجام دیں اور اسی دوران انہوں نے اپنے ایک رشتہ دار کے ساتھ مل کر جاسوسی کی، جو 1967 سے 1983 تک سی آئی اے میں تھے اور اب انتقال کر چکے ہیں۔
امریکی محکمۂ پبلک افیئرز کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ الیگزینڈر چنگ ما کے سی آئی اے (CIA)سے مستعفی ہونے کے تقریباً دس سال بعد چین کے خفیہ ادارے کے ایک افسر نے ان سے رابطہ کیا اور ان کے رشتہ دار اہلکار سے ملاقات کرنے کی درخواست کی۔
الیگزینڈر چنگ ما اور ان کے رشتہ دار اہلکار نے چینی انٹیلی جنس افسران سے ملاقاتیں کیں اور مالی فوائد کے بدلے حساس خفیہ معلومات فراہم کیں۔
سی آئی اے نے الیگزینڈر چنگ ما اور ان کے رشتہ دار اہلکار کی مکمل جانچ پڑتال کی تھی اور حساس معلومات تک رسائی کی اجازت دی تھی، جس کے لیے انہوں نے حلف نامے بھی جمع کرائے تھے۔ اسی حلف نامے کی بنیاد پر انہیں دس سال قید کی سزا سنائی گئی، اور قید کے بعد مزید پانچ سال تک وہ پولیس کی نگرانی میں رہیں گے۔