پاکستان کے مختلف شہروں میں 5.7 شدت کے زلزلے (Earthquake) نے ہلچل مچادی جس سے شہریوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔
تفصیلات کے مطابق، پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد کے ساتھ خیبرپختونخوا اور پنجاب کے متعدد شہروں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ اس کے نتیجے میں لوگ خوفزدہ ہو کر اپنے گھروں سے باہر نکل آئے اور کلمہ طیبہ کا ورد کرنے لگے۔
پیمائش مرکز کے مطابق، ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 5.7 درج کی گئی اور زلزلے کا مرکز ڈی جی خان کے قریب تھا، جس کی گہرائی 10 کلومیٹر تھی۔
لاہور، ملتان، شیخوپورہ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جلالپور بھٹیاں، میانوالی، چنیوٹ، کالا باغ، شاہ کوٹ، کمالیہ، سکھیکھی، ننکانہ صاحب، بھکر، سرگودھا، تاندلیانوالہ، جھنگ، جڑانوالہ، فاروق آباد، ساہیوال اور اوکاڑہ میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔
اس کے علاوہ، فیصل آباد، ملکوال، شورکوٹ، عارف والا، پیرمحل، پنڈی بھٹیاں، مخدوم پور، کبیروالا، لیہ، ٹبہ سلطان پور، محسن وال، دریا خان، میاں چنوں، خانیوال، جہانیاں، میلسی اور دیگر شہروں میں بھی جھٹکے محسوس ہوئے۔
خیبرپختونخوا میں ڈی آئی خان، پشاور، لکی مروت، سوات، مینگورہ اور وزیرستان میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔
پی ڈی ایم اے نے پنجاب کے مختلف اضلاع سے ابتدائی رپورٹ موصول کی ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ لاہور اور دیگر علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے (Earthquake) آئے۔ ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 5.7 درج کی گئی اور زلزلے کا مرکز ڈی جی خان کے شادی والا کے قریب تھا، جبکہ گہرائی 10 کلومیٹر تھی۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق، پنجاب بھر کی انتظامیہ عمارتوں کی چیکنگ میں مصروف ہے اور زلزلے کے آفٹر شاکس سے نمٹنے کے لیے مشینری اور عملے کو تیار رکھا گیا ہے۔ زلزلے سے ہونے والے نقصانات کی اطلاع ہیلپ لائن 1129 پر دی جا سکتی ہے۔
یہ بھی یاد رہے کہ پچھلے ماہ کے آخر میں بھی اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور اور لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔