پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کی تجویز پر قومی اسمبلی میں چارٹر آف پارلیمنٹ (Charter of Parliament) بنانے کی قرارداد منظور کر لی گئی ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے چارٹر آف پارلیمنٹ (Charter of Parliament) کی اس قرارداد کی تجویز دیتے ہوئے 16 رکنی کمیٹی کے قیام کی بھی منظوری دے دی۔ اسپیکر کا کہنا تھا کہ کمیٹی آج ہی تشکیل دے دی جائے تاکہ فوراً کام کا آغاز کیا جا سکے۔
اسپیکر ایاز صادق نے اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ اجلاس کے بعد میرے پاس آئیں، اور اپنے دوستوں کو واضح کریں کہ آپ کسی سازش کا حصہ نہیں بن رہے، بلکہ ہم سب پارلیمنٹیرینز کو مل کر میثاق پارلیمنٹ پر دستخط کرنے چاہیے، چاہے قیادت بیٹھے یا نہ بیٹھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل کا کہنا ہے کہ یہ سب کچھ میری سربراہی میں ہوا ہے، میں پی ٹی آئی کے اراکین سے پوچھتا ہوں کہ کیا میرا کردار مناسب تھا یا نہیں؟
ایاز صادق نے زور دیا کہ حکومت کی کارکردگی پر تنقید ضروری ہے، لیکن ذاتی حملوں سے گریز کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے ہمارے اراکین کے پروڈکشن آرڈرز جاری نہیں کیے، اور اس معاملے کی گہرائی تک پہنچنے کی کوشش کی جائے گی۔