اسلام آباد (نیوز ڈیسک) تفصیلات کے مطابق، اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے فوری طور پر آئی جی (IG Islamabad) اسلام آباد کو طلب کیا۔ ایاز صادق نے آئی جی اسلام آباد ناصر رضوی کو گرفتار ارکان کو رہا کرنے کا حکم دیا اور گزشتہ رات پیش آنے والے واقعے کی رپورٹ بھی طلب کی۔
اسپیکر نے کہا کہ ایوان کے معزز اراکین کی تذلیل ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور گرفتار تمام ارکان کو پارلیمنٹ ہاؤس لانے کی ہدایت کر دی۔
اسپیکر نے اس واقعے پر ایکشن لیتے ہوئے آئی جی اسلام آباد(IG Islamabad)، آئی جی آپریشنز سید علی رضا اور ایس ایس پی آپریشنز کو بھی فوری طلب کیا تھا۔
یاد رہے کہ اسپیکر ایاز صادق نے گزشتہ رات پارلیمنٹ ہاؤس سے پی ٹی آئی کے ارکان اسمبلی کی گرفتاری پر ایکشن لینے کا اعلان کیا تھا۔ ایاز صادق نے کہا کہ کل رات جو کچھ ہوا ہے، اس پر ایکشن ضروری ہے۔ انہوں نے کل رات کی تمام فوٹیجز طلب کی ہیں تاکہ ذمے داروں کا تعین کیا جا سکے اور ان کے خلاف کارروائی کی جا سکے۔