چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا ہے کہ بھارت سمیت تمام ٹیمیں چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان آئیں گی۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں جاری تعمیراتی کاموں کا معائنہ کرنے کے دوران میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے، پی سی بی کے سربراہ نے بتایا کہ بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے سیکرٹری جے شاہ کے آئی سی سی چیئرمین بننے سے انہیں کوئی پریشانی نہیں ہے۔ ان کے ساتھ مسلسل رابطہ رہتا ہے اور اے سی سی میٹنگز میں بھی ان سے ملاقات ہوتی ہے۔ آئی سی سی اور دیگر تمام ممبر ممالک کے ساتھ بات چیت جاری رہتی ہے۔
محسن نقوی نے یہ بھی کہا کہ چیمپئنز ٹرافی کے لیے بھارت سمیت تمام ٹیمیں پاکستان کا دورہ کریں گی، اور ہم ان تمام مہمان ٹیموں کی شان دار میزبانی کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کا اجلاس کل سے کوالالمپور میں ہورہا ہے، مگر ان کی مصروفیات کی وجہ سے وہ اس اجلاس میں ذاتی طور پر شرکت نہیں کر سکیں گے، تاہم ورچوئل طور پر شریک ہوں گے۔ پاکستان کی نمائندگی سلمان نصیر کریں گے۔
چیئرمین پی سی بی نے بتایا کہ اس اجلاس میں پی سی بی کی ایشین کرکٹ کونسل کی صدارت کا معاملہ بھی حتمی شکل اختیار کرے گا۔ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے لیے جاری ترقیاتی منصوبوں کی وجہ سے لاہور میں ہوٹل بنانے کا فیصلہ مؤخر کردیا گیا ہے۔ اس منصوبے پر ٹرافی کے بعد توجہ دی جائے گی۔ کراچی میں بھی ہوٹل بنانے کا ارادہ ہے، جس کے لیے اشتہار دیا جا رہا ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ انٹرنیشنل کمپنیوں سے خواہش ہے کہ وہ ہوٹلوں کے ڈیزائن فراہم کریں تاکہ جدید سہولتوں کے ساتھ بہترین تعمیر ممکن بنائی جا سکے۔