یویو ہنی سنگھ، بھارت کے مشہور میوزک پروڈیوسر، ریپر، اور گلوکار، نے حال ہی میں انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے اسلام کے بارے میں علم مذہبی بزرگوں اور صوفیوں سے حاصل کیا تھا۔
ایک خصوصی انٹرویو میں ہنی سنگھ نے بتایا کہ وہ سال 2007 میں پنجاب کے شہر موہالی منتقل ہوئے تھے، اس وقت وہ صرف ایک عام میوزک پروڈیوسر تھے جسے بہت کم لوگ جانتے تھے۔
موہالی میں آنے کے بعد انہیں اسلام کے کچھ مذہبی افراد سے ملنے کا موقع ملا جنہوں نے انہیں اسلام کے بنیادی اصول سکھائے۔ آہستہ آہستہ ان کی دلچسپی بڑھتی گئی اور انہوں نے اس دین کے بارے میں مزید جاننے کی خواہش ظاہر کی، کیونکہ ان کے ذہن میں بہت سے سوالات تھے جن کے جواب وہ حاصل کرنا چاہتے تھے۔
ہنی سنگھ نے کہا کہ انہوں نے بزرگوں اور صوفیوں کی باتوں کے ذریعے اسلام کے بارے میں گہرائی سے سیکھا، خاص طور پر حضرت موسیٰ اور حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے بارے میں معلومات حاصل کیں، اور مسلمانوں کے پیغمبر حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے بارے میں بھی آگاہی حاصل کی۔
انہوں نے بتایا کہ وہ بزرگوں کی باتوں کو بہت دھیان سے سنتے تھے اور ان سے سوالات پوچھتے تھے، جیسے کہ قرآن مجید میں حضرت عیسیٰ علیہ السلام کا کردار کیا بیان کیا گیا ہے۔
ہنی سنگھ نے کہا کہ جب انہیں 2012 کے بعد شہرت اور دولت ملی تو انہوں نے خدا کی شکرگزاری کے بجائے شیطانی طاقتوں کی پیروی شروع کردی، جو کہ ان کی زندگی کی سب سے بڑی غلطی تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس غلطی کی وجہ سے ان کی زندگی، صحت، اور کیریئر متاثر ہوئے، مگر بیماری سے صحتیاب ہونے کے بعد انہوں نے 2018 میں دوبارہ آغاز کیا اور اب ان کا ایمان خدا پر مضبوط ہے۔