پیرس میں جاری پیرالمپکس گیمز میں پاکستان کے حیدر علی نے ڈسک تھرو کے مقابلے میں کانسی کا تمغہ جیت لیا۔
رپورٹس کے مطابق، ڈسک تھرو میں ازبکستان کے کھلاڑی نے 56.03 میٹر کی تھرو کے ساتھ سونے کا تمغہ حاصل کیا۔ حیدر علی نے اپنی آخری کوشش میں 52.54 میٹر کی تھرو کی، جبکہ ان کی پہلی کوشش 52.28 میٹر رہی۔ دوسری، تیسری، چوتھی، اور پانچویں کوشش فاؤل قرار دی گئی۔
گوجرانوالہ سے تعلق رکھنے والے حیدر علی نے ایف37 کیٹگری میں ڈسک تھرو ایونٹ میں یہ کانسی کا تمغہ جیتا۔ انہوں نے ٹوکیو گیمز میں ڈسک تھرو ایونٹ میں 52.26 میٹر کی تھرو کرکے سونے کا تمغہ جیتا۔
حیدر علی نے 2008 کے بیجنگ گیمز میں لانگ جمپ میں سلور میڈل جیتا تھا اور 2016 ریو پیرالمپکس میں برانز میڈل حاصل کیا تھا، جس کے بعد یہ ان کا پیرالمپکس گیمز میں چوتھا تمغہ ہے۔
انہوں نے ورلڈ پیرا ایتھلیٹکس میں بھی سلور میڈل جیتا ہے اور ایشین پیرا گیمز میں 4 سونے اور 2 کانسی کے تمغے بھی حاصل کیے ہیں۔ ان کے نام پر مجموعی طور پر 5 سونے، 2 سلور، اور 3 کانسی کے تمغے درج ہیں۔
پیرالمپکس میں 4,400 ایتھلیٹس 23 مختلف کھیلوں میں حصہ لے رہے ہیں، اور حیدر علی پاکستان کی طرف سے پیرالمپکس میں حصہ لینے والے واحد کھلاڑی ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ اگست میں پیرس اولمپکس میں جیولن تھرو کے مقابلے میں پاکستانی کھلاڑی ارشد ندیم نے فتح کے ساتھ پاکستان کو 40 سال بعد اولمپک گولڈ میڈل دلایا تھا۔