یوم دفاع کے موقع پر قوم نے شہداء اور غازیوں کو شاندار خراجِ عقیدت پیش کیا۔ جنرل ہیڈ کوارٹرز میں یوم دفاع و شہداء کی ایک خصوصی تقریب منعقد کی گئی، جس میں وزیراعظم محمد شہباز شریف اور آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے شرکت کی۔
وزیراعظم اور آرمی چیف نے یادگار شہداء پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر وفاقی کابینہ کے اراکین، اعلیٰ سول اور عسکری حکام، اور شہداء کے اہلخانہ بھی موجود تھے۔
اس سے قبل، صدر مملکت آصف زرداری نے اپنے بیان میں کہا کہ یوم دفاع ہمیں بہادری اور اتحاد کا درس دیتا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ ہماری افواج کا حوصلہ اور فرض کے تئیں لگن پاکستان کی سلامتی کی بنیاد ہے۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ معرکہ ستمبر میں افواج کی جرات و بہادری کی مثال آنے والی نسلوں کے لیے ایک مشعلِ راہ ہے۔