ضلعی انتظامیہ اسلام آباد نے پی ٹی آئی کے 8 ستمبر کے جلسے کے لیے این او سی جاری کرتے ہوئے متعدد شرائط بھی عائد کی ہیں۔ اس نوٹیفکیشن میں 41 مختلف شرائط شامل ہیں اور انتظامیہ نے باضابطہ روٹ پلان بھی فراہم کر دیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق، جلسہ جی ٹی روڈ پر واقع میدان سنگھجائی میں ہوگا۔ جلسے کا آغاز شام 4 بجے ہوگا اور اختتام شام 7 بجے تک ہوگا۔ ریاست مخالف تقاریر یا نعروں کی سختی سے ممانعت کی گئی ہے۔ اجازت صرف 8 ستمبر کے لیے ہے اور منتظمین کو اس رات کارکنان کی واپسی کو یقینی بنانا ہوگا۔
شرائط کے مطابق، جلسے کی داخلی سیکیورٹی کی ذمہ داری آرگنائزرز پر ہوگی اور ریاست مخالف تقاریر یا نعروں کی کوئی اجازت نہیں ہوگی۔
ضلعی انتظامیہ نے کے پی اور پنجاب سے موٹروے کے ذریعے آنے والوں کے لیے مخصوص روٹ فراہم کیا ہے، جبکہ پنجاب سے جی ٹی روڈ کے ذریعے آنے والوں کے لیے الگ روٹ، اور اسلام آباد، راولپنڈی، مری سے آنے والوں کے لیے بھی علیحدہ روٹ پلان جاری کیا گیا ہے۔