راولپنڈی کے پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میچ میں بھی بنگلا دیش نے پاکستان کو شکست دی اور سیریز کو وائٹ واش (White wash)کر دیا۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کو اپنی سرزمین پر تاریخ میں دوسری بار حریف ٹیم کے ہاتھوں وائٹ واش کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ اس سے قبل انگلینڈ نے پاکستان کو تین۔صفر سے شکست دے کر پاکستان کے ہوم گراؤنڈ پر وائٹ واش (White wash)کیا تھا۔
پاکستان کی طرف سے دیے گئے 185 رنز کے ہدف کو بنگلا دیش نے 4 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔
بنگلا دیش کے اوپنرز ذاکر حسن اور شادمان اسلام نے 40 اور 24 رنز بنائے، جبکہ نجم الحسین شانتو اور مومن الحق نے بالترتیب 38 اور 34 رنز کے ساتھ پویلین لوٹے۔
پاکستان کی طرف سے میر حمزہ، خرم شہزاد، ابرار احمد اور سلمان علی آغا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
بنگلا دیش کے لٹن داس کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا، جنہوں نے پہلی اننگز میں 138 رنز بنائے تھے۔
بنگلا دیش کے مہدی حسن میراز کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا، جنہوں نے سیریز میں 155 رنز بنائے اور 10 وکٹیں حاصل کیں۔
پاکستان کی دوسری اننگز میں پاکستانی بیٹنگ لائن کی کارکردگی مایوس کن رہی، اور قومی ٹیم صرف 172 رنز بنا کر آل آؤٹ ہو گئی۔ پاکستان نے بنگلا دیش کو 185 رنز کا ٹارگٹ دیا۔
پاکستان کی نصف ٹیم صرف 65 رنز پر پویلین واپس چلی گئی۔ محمد رضوان اور سلمان علی آغا نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کی اور اسکور کو 136 رنز تک پہنچایا، مگر محمد رضوان 43 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ سلمان علی آغا نے 47 رنز ناٹ آؤٹ بنائے، جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں عبداللہ شفیق 3، صائم ایوب 20، شان مسعود 28، بابر اعظم 11، سعود شکیل اور ابرار احمد نے 2، 2 رنز بنائے۔ میر حمزہ 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ خرم شہزاد اور محمد علی بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹے۔
بنگلا دیش کی طرف سے حسن محمود نے 5، ناہید رانا نے 4 اور تسکین احمد نے ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستانی ٹیم پہلی اننگز میں 274 رنز کے اسکور پر آل آؤٹ ہوگئی۔ صائم ایوب نے 58، شان مسعود نے 57 اور سلمان علی آغا نے 54 رنز بنائے۔
بنگلا دیش کے مہدی حسن میراز نے 5 وکٹیں لیں، تسکین احمد نے 3 جبکہ شکیب الحسن اور ناہید رانا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
بنگلا دیش نے پہلی اننگز میں 261 رنز بنائے۔ بنگلا دیش کے 6 کھلاڑی 26 رنز پر آؤٹ ہو گئے تھے، مگر مہدی حسن اورلٹن داس نے شاندار بیٹنگ کی اور بنگلا دیش کو مشکل صورت حال سے نکالا۔
پاکستان کی طرف سے خرم شہزاد نے 6، میر حمزہ اور سلمان علی آغا نے 2، 2 وکٹیں لیں، جبکہ اسپنر ابرار احمد کوئی وکٹ حاصل نہیں کر سکے۔