پاکستان کی دوسری اننگز میں ناکامی،خراب موسم کے باوجود بنگلادیش کی فتح کی جانب پیش قدمی جاری۔

پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان دوسرے ٹیسٹ (2nd Test) کا چوتھا دن اختتام پذیر ہو گیا، جہاں خراب روشنی اور بارش کی وجہ سے کھیل جلد ختم کرنا پڑا۔

دن کے اختتام پر بنگلادیش نے بغیر کوئی وکٹ گنوائے 42 رنز بنا لیے، اور پاکستان کے خلاف سیریز میں 0-2 کی تاریخی کامیابی حاصل کرنے کے لیے انہیں مزید 143 رنز درکار ہیں۔

بنگلادیش کے اوپنرز ذاکر حسن 31 اور شادمان اسلام 9 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں۔

راولپنڈی کے پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں جاری دوسرے ٹیسٹ (2nd Test) میں بنگلادیش نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا انتخاب کیا تھا۔

پاکستان کی دوسری اننگز میں بیٹنگ لائن شدید مشکلات کا شکار رہی۔ قومی ٹیم 172 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی، جس کے بعد بنگلادیش کو جیت کے لیے 185 رنز کا ہدف ملا۔

محمد رضوان اور سلمان علی آغا نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کی اور پاکستان کا اسکور 136 رنز تک پہنچایا، لیکن محمد رضوان 43 رنز پر آؤٹ ہو گئے۔ سلمان علی آغا 47 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ دیگر کھلاڑیوں کے وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا، اور پوری ٹیم آل آؤٹ ہوگئی۔

دیگر کھلاڑیوں میں عبداللہ شفیق 3، صائم ایوب 20، شان مسعود 28، بابر اعظم 11، سعود شکیل اور ابرار احمد 2، 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، خرم شہزاد اور محمد علی کوئی رن نہیں بنا سکے۔

بنگلادیش کی جانب سے حسن محمود نے 5، ناہید رانا نے 4 جبکہ تسکین احمد نے ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستان کی پہلی اننگز میں ٹیم 274 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی تھی۔ صائم ایوب نے 58، شان مسعود نے 57 اور سلمان علی آغا نے 54 رنز بنائے۔

بنگلادیش کی طرف سے مہدی حسن میراج نے 5 وکٹیں لیں، تسکین احمد نے 3 اور شکیب الحسن اور ناہید رانا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

بنگلادیش کی پہلی اننگز میں 261 رنز بنا کر آل آؤٹ ہو گئی۔ ابتدا میں بنگلادیش کے 6 کھلاڑی 26 رنز پر آؤٹ ہو گئے تھے، مگر لٹن داس کی شاندار سنچری اور مہدی حسن کے 78 رنز نے بنگلادیش کو مشکل سے نکال دیا۔

پاکستان کے خرم شہزاد نے 6، میر حمزہ اور سلمان علی آغا نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ ابرار احمد کوئی وکٹ حاصل نہیں کرسکے۔

مزیدخبروں کے لیے ہماری ویب سائٹ ہم مارخور وزٹ کریں۔