ایف بی آر کا ePayment 2.0 سسٹم، ٹیکس ادائیگیوں میں انقلابی آسانی اور جدت کا آغاز

حکومت کے وژن کے تحت ٹیکس نظام کو جدیدیت کی طرف گامزن کرنے میں ایف بی آر نے ایک نمایاں قدم اٹھاتے ہوئے ePayment 2.0 سسٹم متعارف کروا دیا ہے۔ یہ جدید سسٹم ایف بی آر کے اس عزم کا عکاس ہے کہ ٹیکس ایڈمنسٹریشن میں نئے ڈیجیٹل حل اپنا کر محصولات میں اضافہ کیا جائے۔ نیا ePayment 2.0 سسٹم IRIS 2.0 پورٹل میں شامل کر دیا گیا ہے، جو پاکستان بھر کے ٹیکس دہندگان کے لیے ٹیکس ادائیگی کے عمل کو بے حد آسان بناتا ہے۔

اب اس سسٹم کے ذریعے صارفین انٹرنیٹ بینکنگ، اے ٹی ایم اور موبائل بینکنگ کے ذریعہ اپنے بینک اکاؤنٹس سے فوری، مؤثر اور محفوظ آن لائن ادائیگی کر سکتے ہیں، جس سے بینک جانے کی ضرورت ختم ہو گئی ہے۔ ePayment 2.0 سسٹم ریونیو مینجمنٹ کے میدان میں ایک بڑی پیشرفت ہے، جو کہ انکم ٹیکس، سیلز ٹیکس، فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی اور ود ہولڈنگ ٹیکس سمیت مختلف ٹیکسز کو آسانی سے پورا کرنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔

پہلے ٹیکس دہندگان کو ePayment کے لیے IRIS 2.0 سے ہٹ کر متعدد پورٹلز کا استعمال کرنا پڑتا تھا، لیکن اب ePayment 2.0 کی بدولت ایف بی آر نے ایک جامع اور صارف دوست انٹرفیس مہیا کر دیا ہے جو براہ راست IRIS 2.0 میں موجود ہے۔ اس نئے نظام کے تحت ایک منفرد پیمنٹ سلپ آئی ڈی (PSID) تیار کی جاتی ہے، جو رجسٹرڈ اور غیر رجسٹرڈ دونوں ٹیکس دہندگان کے لیے فوری اور آسان ادائیگی کی سہولت فراہم کرتی ہے۔

ادائیگی مکمل ہونے پر تصدیق شدہ کمپیوٹرائزڈ پیمنٹ رسید (CPR) ای میل اور ایس ایم ایس کے ذریعے بھیج دی جاتی ہے اور اسے مستقبل کے لیے IRIS 2.0 سسٹم میں محفوظ کیا جا سکتا ہے۔ یہ نظام متعدد حفاظتی اقدامات کے ساتھ ٹیکس دہندگان کو PSID جنریٹ کرنے، اے ڈی سی چینلز کے ذریعے ادائیگی مکمل کرنے اور فوری کمپیوٹرائزڈ رسید (CPR) حاصل کرنے کی سہولت فراہم کرتا ہے۔

اس جدید نظام میں ایک جامع PSID سرچ فیچر بھی شامل ہے، جو ٹیکس دہندگان کو اپنی ادائیگیوں کا ریکارڈ حاصل کرنے اور اس کی تصدیق کرنے میں سہولت فراہم کرتا ہے۔ اس سے نہ صرف شفافیت اور جوابدہی میں اضافہ ہوگا بلکہ غلطیوں اور تاخیر کے امکانات بھی کم ہوں گے، جس سے ٹیکس دہندگان کے لیے ایف بی آر ایک کاروبار دوست ماحول فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے۔

اسلام آباد میں PRAL ہیڈکوارٹر میں ڈائریکٹر جنرل (آئی ٹی اور ڈی ٹی) عائشہ فاروق نے ePayment 2.0 سسٹم کا باقاعدہ افتتاح کیا، جس سے نہ صرف ٹیکس دہندگان کو مزید سہولت فراہم کی گئی ہے بلکہ ایف بی آر کے آپریشنل سسٹم میں بھی ایک انقلابی اور جدید تبدیلی کا عملی مظاہرہ ہوتا ہے۔

اس نئے مربوط نظام سے مختلف پلیٹ فارمز اور لاگ اِنز کی ضرورت کو ختم کر کے ایک ایسا آسان اور مؤثر انٹرفیس فراہم کیا گیا ہے جس میں تمام ضروری ٹیکسوں کی ادائیگی ایک ہی جگہ سے ممکن ہو گئی ہے۔ ePayment 2.0 کی بدولت ٹیکس دہندگان کے لیے ٹیکس کمپلائنس اب پہلے سے کہیں زیادہ سہل اور آسان ہو چکی ہے۔

مزیدخبروں کے لیے ہماری ویب سائٹ ہم مارخور وزٹ کریں۔