امریکی صدارتی انتخابات میں ریپبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے دوسری مرتبہ میدان مار لیا ہے اور 47ویں صدر منتخب ہو چکے ہیں۔ اپنی کامیابی کے فوراً بعد فلوریڈا کے شہر پام بیچ میں حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے اپنی تقریر (Winning Speech) میں انہوں نے کہا کہ یہ ایک تاریخی لمحہ ہے اور امریکا اب نئی بلندیوں کو چھوئے گا۔ انہوں نے اپنی تقریر میں امریکی عوام کے جوش و خروش اور حمایت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ایک نیا سنہری دور امریکا کی دہلیز پر دستک دے رہا ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے حامیوں سے وعدہ کیا کہ وہ امریکا کے ہر معاملے کو درست کریں گے اور ایسا سنہری دور شروع ہوگا جو امریکی تاریخ میں پہلے کبھی نہیں دیکھا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ امریکا کو محفوظ، مضبوط اور خوش حال بنائیں گے اور ملکی ترقی کے لئے ایسی تبدیلیاں متعارف کرائیں گے جن سے معاشی اور سماجی استحکام حاصل ہوگا۔
اپنی تقریر (Winning Speech) کے دوران ٹرمپ نے حامیوں سے الیکشن میں ان کی حمایت کے لئے اظہار تشکر کیا اور اپنے ووٹرز کو یقین دلایا کہ ان کی جدوجہد کے باعث ہی یہ کامیابی ممکن ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ “آپ کے بغیر یہ کامیابی ممکن نہیں تھی” اور انہوں نے وعدہ کیا کہ ان کے ہر ووٹ کی قدر کریں گے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکا کو دوبارہ عظیم بنانے کے لئے ضروری ہے کہ ملک کی سرحدوں کو محفوظ بنایا جائے، غیر قانونی داخلے کو روکا جائے، اور صرف قانونی طریقے سے آنے والے افراد کو خوش آمدید کہا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ کسی نئی جنگ میں نہیں الجھیں گے بلکہ موجودہ تنازعات کو حل کرنے پر توجہ مرکوز کریں گے۔
ٹرمپ نے ملک میں ٹیکسوں میں کمی اور قرضوں کی ادائیگی کا بھی وعدہ کیا اور کہا کہ وہ امریکا کو ایک مضبوط اور خوش حال ملک بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہر روز امریکی عوام، ان کے خاندانوں اور ان کے مستقبل کے لئے لڑیں گے۔
انتخابی کامیابی کے موقع پر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی اہلیہ میلانیا ٹرمپ کا بھی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے ان کی کتاب کو ملک کی سب سے زیادہ فروخت ہونے والی کتاب قرار دیا اور اپنی تقریر کے دوران انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر ٹرمپ نے اپنی تقریر روک کر میلانیا کو بوسہ بھی دیا۔
ٹرمپ کی شاندار کامیابی پر ان کی پوتی، کائی میڈسن ٹرمپ نے بھی انہیں مبارکباد دی۔ انہوں نے اپنے دادا کے ساتھ ایک تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ “دادا جان، آپ سے زیادہ محنت کرنے والا اور امریکی عوام کا خیال رکھنے والا کوئی نہیں، میں آپ سے محبت کرتی ہوں۔”
کائی میڈسن، جو کہ ایک ماہر گولفر ہیں، حال ہی میں اپنے دادا کی انتخابی مہم کا حصہ بنی تھیں اور انہوں نے پہلی بار سیاسی میدان میں تقریر کرکے سب کو حیران کر دیا تھا۔ اپنے دادا کو انتخابی مہم کے دوران گولی لگنے کے بعد، انہوں نے پہلی بار عوامی سطح پر اس واقعے کو “دل دہلا دینے والا” قرار دیا اور دادا کی حمایت کا اعادہ کیا۔
ٹرمپ کی پوتی نے یہ بھی کہا کہ ان کے دادا ایک انتہائی شفیق انسان ہیں جو امریکی عوام کے لئے دن رات محنت کر رہے ہیں اور انہیں دوبارہ عظیم بنانے کے لئے پرعزم ہیں۔
مزیدخبروں کے لیے ہماری ویب سائٹ ہم مارخور وزٹ کریں۔