بابر اعظم کو ٹیم سے ڈراپ کیے جانے کے بعد پاکستان کے جارحانہ اوپنر فخر زمان (Fakhar Zaman ) کا موقف سوشل میڈیا پر آنے کے بعد ان کی مشکلات کا حل قریب نظر آ رہا ہے، کیونکہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے رویے میں نرمی دکھائی دینے لگی ہے۔
یاد رہے کہ انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں بابر اعظم کو باہر کیے جانے کے فیصلے پر فخر زمان نے ان کی حمایت میں ایک ٹویٹ کیا تھا، جس کے بعد نہ صرف انہیں آسٹریلیا کے دورے سے خارج کیا گیا بلکہ سینٹرل کنٹریکٹ سے بھی محروم کر دیا گیا۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے پریس کانفرنس میں یہ بات بھی واضح کی تھی کہ فخر کی فٹنس مسائل کے ساتھ ساتھ ان کی ٹویٹ بھی مشکلات کا سبب بنی۔
معتبر کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق، پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ فخر زمان کا مسئلہ جلد حل کر لیا جائے گا۔
قومی کھلاڑی فخر زمان کو بابر اعظم کے حق میں ٹویٹ کرنے پر شوکاز نوٹس جاری کیا گیا تھا، جس کے جواب میں انہوں نے اپنے مؤقف کو مکمل وضاحت کے ساتھ پیش کیا۔
پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ اب بورڈ کی جانب سے معاملے کو حل کرنے کی سمت میں اشارے ملے ہیں اور جلد ہی فخر زمان کے کیس پر پیش رفت متوقع ہے۔
فخر زمان (Fakhar Zaman ) کو ٹیم سے نکالنے کے بعد سابق کھلاڑیوں اور کرکٹ شائقین نے پی سی بی کے فیصلے کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا، اور فخر کو دوبارہ ٹیم میں شامل کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔
اس دوران یہ خبریں بھی زیر گردش رہیں کہ فخر زمان نے ریٹائرمنٹ پر غور شروع کر دیا ہے اور وہ پی سی بی کی سلیکشن پالیسی میں موجود دوہرے معیار سے مایوس ہیں۔
ذرائع کے مطابق، فخر زمان نے اپنے قریبی دوستوں سے انٹرنیشنل کرکٹ سے ممکنہ ریٹائرمنٹ کے حوالے سے مشاورت بھی شروع کر دی ہے۔