پاکستان میں پولیو کے نئے کیس کی تصدیق، کل تعداد 43 ہو گئی۔

نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر (این ای او سی) نے پاکستان میں پولیو (Polio) کے ایک اور کیس کی تصدیق کی ہے۔

ذرا ئع کے مطابق نیشنل ریفرنس لیب نے بلوچستان سے پولیو کے کیس کی تصدیق کی ہے، جس کے بعد رواں سال میں پولیو کے کیسز کی تعداد 43 تک پہنچ گئی ہے۔

یہ پولیو وائرس کا کیس چاغی سے سامنے آیا ہے، جہاں بچے میں وائلڈ پولیو وائرس ٹائپ ون کی تشخیص ہوئی ہے۔ این ای او سی نے بتایا کہ پولیو کیس کی جینیاتی جانچ کا عمل جاری ہے۔ اس سال بلوچستان میں 22 پولیو کے کیس رپورٹ ہو چکے ہیں۔

اس سال سندھ میں 12، خیبر پختونخوا میں 7، پنجاب میں ایک اور اسلام آباد میں بھی ایک پولیو کیس رپورٹ ہوا ہے۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ ملک بھر میں پولیو کے کیسز میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔ اس کے علاوہ، گزشتہ روز خیبر پختونخوا کے ضلع اورکزئی میں پولیو ٹیم کی حفاظت پر موجود پولیس اہلکاروں پر حملہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں 2 اہلکار جان کی بازی ہار گئے، جبکہ جوابی کارروائی میں 3 دہشت گرد مارے گئے۔

دوسری جانب، کوہاٹ کے ملز ایریا میں موٹر سائیکل سوار مسلح افراد نے پولیو ٹیم کی حفاظت پر مامور پولیس پر فائرنگ کی، مگر پولیس نے فوری کارروائی کر کے حملہ ناکام بنا دیا۔

مزید برآں، سیکیورٹی خدشات کے باعث گزشتہ روز 6 اضلاع میں پولیو مہم (Polio campaign) کو ملتوی کر دیا گیا تھا۔

مزیدخبروں کے لیے ہماری ویب سائٹ ہم مارخور وزٹ کریں۔