غیر مسلم طلبہ کے لئے وظائف (Scholarships) مختص کر دیے گئے ہیں۔ وزارت مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی نے اس مقصد کے لئے 10 ارب روپے کی رقم مختص کی ہے۔ رواں مالی سال کے دوران غیر مسلم طلبہ کے لیے 60 ملین روپے کے وظائف فراہم کیے جائیں گے۔
وزارت کے ترجمان محمد عمر بٹ نے بتایا کہ اسکالرشپ کے لیے درخواستیں وزارت کی سرکاری ویب سائٹ پر آن لائن جمع کروائی جائیں گی۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس عمل کے دوران اقلیتی طلبہ کو آمدنی کا سرٹیفکیٹ، اپنے تعلیمی ادارے سے تصدیق اور اپنے ذاتی یا مشترکہ بینک اکاؤنٹ کی تفصیلات فراہم کرنی ہوں گی۔
عمر نے وضاحت کی کہ یہ وظائف (Scholarships) صرف سرکاری تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم طلبہ کے لئے دستیاب ہوں گے، جو پرائمری سطح سے پیشہ ورانہ تعلیم تک شامل ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ صرف سرکاری اسکولوں اور اداروں میں داخلہ لینے والے غیر مسلم طلبہ ہی وظائف کے لیے اہل ہوں گے۔