پاکستان میں مڈل ایسٹ ریسپائریٹری سنڈروم (مرس) (Middle East Respiratory Syndrome) کورونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آ گیا ہے۔ مرس وائرس سے متاثرہ پاکستانی شہری گزشتہ ماہ سعودی عرب سے واپس آیا تھا۔
حکام کے مطابق 4 ستمبر کو یہ شخص دل کے علاج کے لیے جہلم کے ایک نجی اسپتال میں داخل ہوا، اور اگلے دن عالمی ادارۂ صحت اور سعودی حکام نے مطلع کیا کہ وہ مڈل ایسٹ ریسپائریٹری سنڈروم کورونا وائرس کا شکار ہے۔
متاثرہ مریض کو فوری طور پر بے نظیر بھٹو اسپتال راولپنڈی کے آئی سی یو وارڈ میں منتقل کیا گیا، جہاں اس کے ساتھ رابطے میں آنے والے 40 سے زائد افراد کے ٹیسٹ کیے گئے، جو تمام منفی آئے ہیں۔
حکام کا مزید کہنا ہے کہ متاثرہ شخص صحت یاب ہو کر اب کھاریاں میں اپنے گھر پر مقیم ہے۔
یاد رہے کہ مڈل ایسٹ ریسپائریٹری سنڈروم (مرس) (Middle East Respiratory Syndrome) کورونا وائرس کی ایک قسم ہے، جو 2012 میں پہلی بار منظرِ عام پر آئی تھی۔ یہ بیماری عام طور پر اونٹوں سے انسانوں میں منتقل ہوتی ہے۔ سعودی عرب سے اب تک 2,204 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں، جن میں سے 862 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔