وزیر مملکت برائے آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ (Shaza Fatima Khawaja) نے بیان دیا ہے کہ سائبر سیکیورٹی کے میدان میں پاکستان نے عالمی سطح پر ایک رول ماڈل کی حیثیت اختیار کی ہے اور پاکستان کی رینکنگ آئی ٹی یو گلوبل سائبر سیکیورٹی انڈیکس میں بہتری آئی ہے۔
اسلام آباد میں ایک پریس کانفرنس کے دوران، شزا فاطمہ خواجہ نے کہا کہ آئی ٹی یو گلوبل سائبر سیکیورٹی انڈیکس 2024 میں پاکستان کو رول ماڈل کے طور پر تسلیم کیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پچھلی رینکنگ میں عالمی سطح پر پاکستان کی درجہ بندی 79 تھی، مگر اب آئی ٹی کے شعبے میں تیزی سے ترقی کے باعث پاکستان سائبر سیکیورٹی کے حوالے سے ایک رول ماڈل کے طور پر ابھر کر سامنے آیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ تمام متعلقہ اداروں نے سائبر سیکیورٹی کے حوالے سے قابل تحسین کردار ادا کیا ہے اور ہمیں فخر ہے کہ ہمارے سائبر سیکیورٹی اقدامات کی عالمی سطح پر پذیرائی ہوئی ہے۔
شزا فاطمہ(Shaza Fatima Khawaja) نے مزید کہا کہ ہم نے سائبر سیکیورٹی کے شعبے میں تربیتی ورکشاپس کا انعقاد کیا ہے کیونکہ دنیا میں اس وقت سائبر سیکیورٹی کے میدان میں روزگار کے مواقع بہت زیادہ ہیں، اور نوجوانوں کو ان مواقع سے فائدہ اٹھانے کے لیے تربیت فراہم کی جا رہی ہے۔