وفاقی اردو یونیورسٹی (Federal Urdu University) کے قائم مقام رجسٹرار، ثمرہ ضمیر نے ایک دفتری حکم نامہ جاری کیا ہے جس میں ملازمین کی تنخواہوں، پینشن، اور ہاؤس رینٹ سے متعلق احتجاجات اور برطرف ملازمین کے مظاہروں کو روکنے کے لئے ہدایات دی گئی ہیں۔
حکم نامہ میں کہا گیا ہے کہ شیخ الجامعہ کے احکام کے مطابق وفاقی اردو یونیورسٹی (Federal Urdu University) کے تمام ملازمین کو اپنے متعلقہ شعبوں اور دفاتر میں اپنے فرائض انجام دینے کی سختی سے ہدایت کی گئی ہے۔
یونیورسٹی میں ایسی کسی بھی سرگرمی کی اجازت نہیں دی جائے گی جو تعلیمی ماحول کو متاثر کر سکتی ہو۔ جو ملازمین دفتری اوقات کے دوران غیر حاضر رہیں یا اپنے فرائض کے علاوہ کسی اور سرگرمی میں ملوث پائے جائیں گے، ان کی متعلقہ دن کی تنخواہ کٹ جائے گی۔
طلبہ، حاضر سروس اور ریٹائرڈ ملازمین کے علاوہ کسی غیر متعلقہ فرد کا یونیورسٹی کی حدود میں داخلہ سختی سے ممنوع ہے۔ خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
کیمپس آفیسر کو غیر متعلقہ افراد کی یونیورسٹی میں داخلے پر پابندی کو یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی ہے۔ نچلے گریڈ کے غیر تدریسی ملازمین کے مطابق، اب میڈیا کے جامعہ اردو میں داخلے پر بھی پابندی عائد ہوگی۔