بیلاروس کا اعلیٰ سطحی وفد اسلام آباد میں، دوطرفہ تعلقات کی نئی راہیں ہموار

بیلاروس کے وزیر خارجہ میکسم ریجنکوف (Belarus Minister of Foreign Affairs Maxim Ryzhenkov) 68 رکنی اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ اسلام آباد پہنچ گئے۔ سرکاری اعلامیے کے مطابق، پاکستان کے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے وفد کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس دورے کو پاکستان اور بیلاروس کے مابین تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے ایک اہم موقع قرار دیا جا رہا ہے۔

وفد میں بیلاروس کے وزیر خارجہ کے علاوہ توانائی، صنعت، مواصلات، قدرتی وسائل، اور ہنگامی حالات کے وزراء سمیت چیئرمین ملٹری انڈسٹری کمیٹی بھی شامل ہیں۔ مزید برآں، وفد کا ایک اہم پہلو 43 بڑی کاروباری شخصیات کی شمولیت ہے جو دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعاون کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہیں۔

استقبالی تقریب کے دوران وزیر داخلہ محسن نقوی نے بیلاروس کے وزیر خارجہ (Belarus Minister of Foreign Affairs) اور وزیر توانائی سے الگ ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر محسن نقوی نے بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکا شینکو کی آمد کے حوالے سے اپنی توقعات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ صدر لوکا شینکو کا دورہ دونوں ممالک کے مابین تعلقات کے ایک نئے دور کی بنیاد رکھے گا۔

محسن نقوی نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان بیلاروس کے ساتھ تعلقات کو مختلف شعبوں میں مزید مضبوط کرنے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ دورہ صنعت، تجارت، اور دیگر شعبوں میں تعاون کے نئے مواقع فراہم کرے گا۔

دفتر خارجہ کی ترجمان کے مطابق، استقبالی تقریب میں ایڈیشنل سیکریٹری خارجہ شفقت علی خان اور بیلاروس میں پاکستانی سفیر سجاد حیدر خان بھی موجود تھے۔

مزیدخبروں کے لیے ہماری ویب سائٹ ہم مارخور وزٹ کریں۔