اسلام آباد میں نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی تکمیل کی تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف اور چینی وزیراعظم لی چیانگ (Chinese PM LI Qiang) نے شرکت کی۔
اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے لیے متعدد مفاہمتی یادداشتوں کا تبادلہ ہوا۔
اسمارٹ کلاس رومز کے قیام کے حوالے سے ایک دستاویز پر دستخط کیے گئے، اور سی پیک کے تحت گوادر کے ساتویں جوائنٹ ورکنگ گروپ کے اجلاس کے نکات کی بھی دستاویز تیار کی گئی۔ اس کے علاوہ، سی پیک ورکنگ گروپ سے متعلق ایک اور مفاہمتی یادداشت کا تبادلہ بھی کیا گیا۔
پاکستان اور چین کے درمیان انسانی وسائل کی ترقی، اطلاعات اور مواصلات، اور آبی وسائل کے شعبوں میں تعاون کے لیے مختلف مفاہمتی یادداشتیں بھی طے پائیں۔ مزید برآں، دونوں ممالک نے سلامتی کے شعبے میں تعاون بڑھانے کے لیے بھی دستاویزات کا تبادلہ کیا۔
چینی وزیراعظم لی چیانگ نے (Chinese PM LI Qiang) کہا کہ پاکستانی معاشرے کے ہر شعبے میں چین کی حمایت کا شکریہ ادا کیا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی تکمیل ایک اہم سنگ میل ہے، اور اس منصوبے کی کامیابی کے لیے دونوں ممالک کی محنت قابل ستائش ہے۔ لی چیانگ نے یہ بھی کہا کہ گوادر نہ صرف علاقائی ترقی کا مرکز ہے بلکہ یہ دونوں ملکوں کی دوستی کا بھی آئینہ دار ہے۔
چینی وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کی ترقی میں چین کا کردار جاری رہے گا، کیونکہ پاکستانی عوام کی خوشحالی ہمارے دل کے قریب ہے۔
اس سے پہلے، وزیراعظم کی آمد پر مہمان وزیراعظم کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ چینی وزیراعظم کا دورہ دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط اور گہرا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم سی پیک میں پیشرفت کا جائزہ لیں گے اور باہمی مفاد کے نئے شعبوں کی تلاش کریں گے۔