اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے اسلحہ اور شراب برآمدگی کیس میں علی امین گنڈاپور (Ali Amin Gandapur’s) کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کو برقرار رکھتے ہوئے پولیس کو حکم دیا ہے کہ انہیں 23 اکتوبر تک گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا جائے۔
عدالتی طلبی کے باوجود علی امین گنڈاپور آج بھی عدالت میں پیش نہ ہوئے، جس کے باعث عدالت نے ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ برقرار رکھے۔
عدالت میں علی امین گنڈاپور (Ali Amin Gandapur’s) کی نمائندگی ان کے وکیل ظہور الحسن نے کی۔ دوران سماعت، عدالت کو علی امین گنڈاپور کے گزشتہ وارنٹ گرفتاری کی بیلف رپورٹ پیش کی گئی، جس میں کہا گیا کہ وارنٹ پر عمل درآمد ممکن نہیں ہوسکا اور مزید وقت درکار ہے۔
اس رپورٹ کے پیش نظر عدالت نے پولیس کو سختی سے ہدایت دی کہ وہ علی امین گنڈاپور کو 23 اکتوبر تک گرفتار کرکے عدالت میں پیش کریں۔
یاد رہے کہ جوڈیشل مجسٹریٹ نے آج علی امین گنڈاپور کو ذاتی طور پر عدالت میں حاضر ہونے کا حکم دیا تھا، تاہم ان کی غیر حاضری کے سبب معاملہ مزید پیچیدہ ہوگیا۔ ان کے خلاف تھانہ بارہ کہو میں اسلحہ اور شراب برآمدگی کا مقدمہ درج ہے۔