پاکستان نیوی نے کمبائنڈ ٹاسک فورس 150 کی قیادت رائل نیوزی لینڈ نیوی کے حوالے کی۔

پاکستان نیوی کے کموڈور عاصم سہیل ملک نے کمبائنڈ ٹاسک فورس 150 (Combined Task Force 150) کی کمانڈ رائل نیوزی لینڈ نیوی کے کموڈور راجر وادڈ کے حوالے کر دی۔ اس تقریب کے مہمان خصوصی کمبائنڈ میری ٹائم فورسز کے کمانڈر وائس ایڈمرل جارج وکوف تھے۔

آئی ایس پی آر کی رپورٹ کے مطابق، کمبائنڈ ٹاسک فورس 150 پانچ مختلف ٹاسک فورسز میں سے ایک ہے جو کمبائنڈ میری ٹائم فورسز کے تحت کام کرتی ہے۔ پاک بحریہ نے جولائی 2024 سے جنوری 2025 تک اس فورس کی قیادت کی، جو کہ اس کی تیرہویں بار قیادت تھی۔ اس دوران پاک بحریہ نے میری ٹائم سیکیورٹی کے متعدد اہم آپریشنز میں حصہ لیا، جس میں 10 ٹن منشیات کی ضبطی شامل ہے، جن کی مالیت 50 ملین امریکی ڈالر سے زیادہ ہے۔

کموڈور عاصم سہیل ملک نے اس موقع پر کہا کہ "پاکستان نیوی کو کمبائنڈ میری ٹائم فورسز میں اپنی فعال شرکت پر فخر ہے اور ہم ہمیشہ اپنی ذمہ داریوں کو بخوبی نبھانے کے لیے تیار ہیں۔”

کمبائنڈ ٹاسک فورس 150(Combined Task Force 150) کی قیادت رائل نیوزی لینڈ نیوی کے حوالے کیے جانے کے ساتھ، پاکستان نیوی نے ایک اور سنگ میل عبور کیا اور اس نے عالمی سطح پر میری ٹائم سیکیورٹی کے لیے اپنی پختہ وابستگی کو ثابت کیا۔

مزیدخبروں کے لیے ہماری ویب سائٹ ہم مارخور وزٹ کریں۔