ٹرمپ کی دوسری حلف برداری: گرین پالیسی کا خاتمہ اور جنوبی سرحد پر ایمرجنسی کا اعلان
ڈونلڈ ٹرمپ (Donald Trump) نے دوسری بار امریکی صدر کا عہدہ سنبھالتے ہوئے اپنے خطاب میں جرات مندانہ فیصلے اور اصلاحاتی منصوبوں کا اعلان کیا۔ انہوں نے کیپیٹل ہل میں 47 ویں امریکی صدر کے طور پر حلف اٹھایا، جبکہ نائب صدر جے ڈی وینس نے ان سے پہلے اپنے عہدے کا حلف لیا۔ ٹرمپ نے کہا کہ یہ دن امریکا کے لیے ایک نئے سنہرے دور کا آغاز ہے اور وعدہ کیا کہ ان کی انتظامیہ "امریکا سب سے پہلے” کے اصول پر کاربند رہے گی۔
ٹرمپ نے اپنے خطاب میں قانون کی حکمرانی، قومی سلامتی، اور اقتصادی ترقی پر زور دیتے ہوئے کئی اہم اقدامات کا اعلان کیا، جن میں گرین پالیسی کا خاتمہ، جنوبی سرحد پر ایمرجنسی، اور خام تیل کی پیداوار بڑھانے کے منصوبے شامل ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آزادی اظہار کے تحفظ کے لیے ایکزیکٹو آرڈر جاری کیا جائے گا اور امریکی شہریوں کے حقوق کا مکمل تحفظ یقینی بنایا جائے گا۔
انہوں نے اپنی حکومت پر قاتلانہ حملے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ خدا نے انہیں بچایا تاکہ وہ امریکا کو دوبارہ عظیم بنا سکیں۔ انہوں نے وعدہ کیا کہ امریکی فوج کو دنیا کی سب سے طاقتور فوج بنایا جائے گا اور ملک کی معیشت کو دوبارہ مضبوط کیا جائے گا۔ تقریب میں سابق امریکی صدور، برطانوی سابق وزیراعظم بورس جانسن، ایلون مسک، اور دیگر عالمی شخصیات نے شرکت کی۔
ٹرمپ نے اعلان کیا کہ 20 جنوری 2025 کو "آزادی کا دن” قرار دیا گیا ہے اور انہوں نے زور دیا کہ ان کی انتظامیہ امریکا کو اتحاد، امن، اور خوشحالی کی طرف لے جائے گی۔
ڈونلڈ ٹرمپ (Donald Trump) کی تقریر کے اہم نکات:
امریکا کے نئے سنہری دور کا آغاز: ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکا کے لیے ایک شاندار دور کے آغاز کا اعلان کیا۔
20 جنوری 2025 کو "آزادی کا دن” قرار دیا: ٹرمپ نے اپنی تقریبِ حلف برداری کے دن کو آزادی کے جشن کے طور پر منانے کا اعلان کیا۔
جنوبی سرحد پر قومی ایمرجنسی کا نفاذ: میکسیکو کی سرحد پر سخت اقدامات کے تحت فوری طور پر ایمرجنسی کے نفاذ کا حکم دیا۔
توانائی کے بحران کے حل کے لیے انرجی ایمرجنسی: توانائی کی قیمتوں میں کمی اور پیداواری صلاحیت میں اضافے کے لیے نیشنل انرجی ایمرجنسی کا اعلان کیا۔
"ڈرل بے بی ڈرل” کا نعرہ: خام تیل کی پیداوار میں اضافہ کرتے ہوئے امریکا کو دوبارہ توانائی کا عالمی لیڈر بنانے کا منصوبہ۔
امریکی فوج کی مضبوطی کا عزم: دنیا کی سب سے طاقتور اور جدید فوج بنانے کے ارادے کا اظہار۔
مریخ پر امریکی جھنڈا لہرانے کی تیاری: خلائی مشن کے لیے نیا عزم اور مریخ پر امریکا کی برتری قائم کرنے کا وعدہ۔
گرین پالیسی کا خاتمہ: ماحولیاتی منصوبوں پر نظرثانی کرتے ہوئے گرین ڈیل کو ختم کرنے کا اعلان۔
آزادی اظہار کے تحفظ کا حکم: امریکی شہریوں کے اظہار رائے کی آزادی کے لیے ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کرنے کا عزم۔