کٹر کراچی، روشنیوں کے شہر کے تاریک رازوں پر مبنی کرائم تھرلر

پاکستان کے معروف اداکار عمران اشرف جلد ہی بڑی اسکرین پر شاندار واپسی کرنے والے ہیں۔ وہ مشہور ریپر طلحہ انجم کی ڈیبیو فلم ’کٹر کراچی‘ میں مرکزی کردار نبھا رہے ہیں۔

اس فلم کا ٹریلر حال ہی میں جاری کیا گیا ہے، جس میں اداکارہ کنزہ ہاشمی اور سید جمیل بھی نمایاں کرداروں میں نظر آئیں گے۔ شائقین اس پروجیکٹ کی ریلیز کا بے تابی سے انتظار کر رہے ہیں۔

ٹریلر سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ فلم ایک دل دہلا دینے والی کرائم تھرلر ہے، جو کراچی کے تلخ اور حقیقت پسندانہ ماحول کی کہانی بیان کرتی ہے۔ مناظر میں روشنیوں کے شہر کی ثقافت کا ایک منفرد پہلو بھی دکھایا گیا ہے۔

عمران اشرف فلم میں ایک طاقتور ’مافیا لیڈر‘ کے روپ میں نظر آ رہے ہیں، جو کراچی پر اپنی حکمرانی قائم کرنے کے لیے تیار ہے۔ دوسری جانب، طلحہ انجم اپنے علاقے اور مقام کے تحفظ کے لیے ہر حد پار کرنے پر آمادہ دکھائی دیتے ہیں۔ کنزہ ہاشمی کا کردار بھی ان کے روایتی انداز سے ہٹ کر کچھ منفرد اور متاثر کن معلوم ہوتا ہے۔

فلم کے ٹریلر کو دیکھ کر مداحوں نے کہانی کی شدت، کرداروں کی گہرائی، اور کراچی کی گلیوں کے حقیقی عکس کی بھرپور تعریف کی ہے۔

یہ یاد رہے کہ فلم کٹر کراچی 20 دسمبر 2024 کو پاکستان بھر کے سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

مزیدخبروں کے لیے ہماری ویب سائٹ ہم مارخور وزٹ کریں۔