بھارتی آرمی چیف کے بے بنیاد الزامات: پاکستان کا سخت ردعمل

مقبوضہ کشمیر پر بھارتی جھوٹ بے نقاب، پاکستان کا عالمی برادری کو پیغام

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے بھارتی آرمی چیف (Indian Army Chief) کے پاکستان کے خلاف الزامات کو مسترد کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد اور حقائق کے منافی قرار دیا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ بھارتی آرمی چیف کے الزامات حقیقت سے دور ہیں اور یہ ایک مردہ گھوڑے میں جان ڈالنے کی کوشش کے مترادف ہیں۔ پاکستان پر ریاستی سرپرستی کے الزامات بھارت کی دوغلی پالیسی کی عکاسی کرتے ہیں، جو درحقیقت مقبوضہ کشمیر میں جاری ظلم و ستم سے عالمی توجہ ہٹانے کی ایک ناکام کوشش ہے۔

آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں بھارتی فوج کی جانب سے کشمیری عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم کو بھی نمایاں کیا اور کہا کہ بھارتی قیادت اپنے اقدامات پر پردہ ڈالنے کے لیے پاکستان کو مورد الزام ٹھہرا رہی ہے۔

دفتر خارجہ نے بھی بھارتی وزیر دفاع اور آرمی چیف کے بیانات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے واضح کیا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ متنازع علاقہ ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق اس خطے کی حیثیت کے تعین پر زور دیا۔

دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت کا آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان پر دعویٰ سراسر بے بنیاد اور غیر قانونی ہے۔ بھارتی قیادت کے ایسے بیانات انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے عالمی توجہ ہٹانے کی کوشش کے سوا کچھ نہیں۔

واضح رہے کہ بھارتی آرمی چیف جنرل اوپیندر دویدی (Indian Army Chief General Upendra Dwivedi) نے مقبوضہ کشمیر میں ناکامیوں کا ملبہ پاکستان پر ڈالنے کی کوشش کی تھی اور جھوٹے الزامات عائد کیے تھے کہ پاکستان کشمیری جنگجوؤں کی حمایت کر رہا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال مکمل طور پر قابو میں ہے اور خطے میں بھارتی فوج کی بھاری موجودگی کو جائز قرار دیا۔

مزیدخبروں کے لیے ہماری ویب سائٹ ہم مارخور وزٹ کریں۔