شیطانی قوتوں کے خلاف یکجا، امن خراب کرنے والوں کو فیصلہ کن جواب دیں گے: سپہ سالار
آرمی چیف جنرل عاصم منیر (Army Chief General Asim Munir) نے ملک میں امن و استحکام برقرار رکھنے کے لیے مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شیطانی قوتوں کے خلاف قوم اور سیکیورٹی ادارے متحد ہیں، اور امن بگاڑنے والوں کو فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف نے پشاور کا دورہ کیا، جہاں انہیں انسداد دہشت گردی آپریشنز اور سیکیورٹی کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس بریفنگ میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے بھی شرکت کی۔
آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق، آرمی چیف نے دہشت گردوں کے نیٹ ورک کو توڑنے اور ان کے عزائم کو ناکام بنانے میں اداروں کی کارکردگی کی تعریف کی۔ انہوں نے سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں کو "غیر متزلزل عزم کی اعلیٰ مثال” قرار دیا۔
سپہ سالار نے اس موقع پر واضح کیا کہ دہشت گردی کے خلاف مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جدوجہد پر قوم کو فخر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ "دہشت گردوں کے لیے ہماری سرزمین پر کوئی جگہ نہیں ہے۔”
آئی ایس پی آر کے مطابق، خیبرپختونخوا سے تعلق رکھنے والے سیاستدانوں نے بھی آرمی چیف سے ملاقات کی اور دہشت گردی کے خلاف اپنی حمایت کا اعادہ کیا۔ آرمی چیف (Army Chief General Asim Munir) نے اس موقع پر قوم کو یقین دلایا کہ امن کو خراب کرنے کی کسی بھی کوشش کا فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔