وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد کے جناح ایونیو انڈر پاس (Jinnah Avenue underpass) کے افتتاح کے موقع پر کہا کہ یہ منصوبہ محض 42 دن کی ریکارڈ مدت میں مکمل کیا گیا، جو ترقی کی راہ میں ایک اہم سنگ میل ہے۔ انہوں نے اس تیزی کو ترقیاتی منصوبوں کی کامیابی کی کنجی قرار دیتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملک کے دیگر ترقیاتی منصوبے بھی اسی جذبے اور رفتار کے ساتھ مکمل کیے جائیں گے۔
جناح ایونیو انڈر پاس(Jinnah Avenue underpass) کی افتتاحی تقریب میں وزیراعظم نے کہا کہ دن رات کی محنت ہی ترقی کا راستہ ہے اور امید ظاہر کی کہ سرینا چوک انڈر پاس بھی وقت پر مکمل ہوگا، جس سے اسلام آباد اور راولپنڈی کے ٹریفک کے مسائل حل ہوں گے۔ انہوں نے وزیر داخلہ محسن نقوی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے راتوں کو منصوبے کے جائزے کے لیے دورے کیے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے تقریب سے خطاب میں بتایا کہ انڈر پاس کی تعمیر میں وہ دن بھی شامل ہیں جب دھرنے کی وجہ سے شہر بند رہا۔ انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے نے وزیراعظم کی ہدایت پر دن رات کام کر کے انڈر پاس کو 42 دن یعنی 1008 گھنٹوں میں مکمل کیا۔
مزید بریفنگ دیتے ہوئے سی ڈی اے کے چیئرمین محمد علی نے بتایا کہ جناح ایونیو انٹرچینج منصوبے کا نصف کام مکمل ہوچکا ہے، جبکہ پہلے فیز میں 950 میٹر طویل انڈر پاس مکمل کیا گیا ہے۔ انہوں نے منصوبے کی سیفٹی اور سیکیورٹی کے پہلوؤں پر زور دیا اور بتایا کہ سرینا چوک انڈر پاس بھی مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے گا۔