وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا نوجوانوں کے لیے بڑا اعلان: 3 کروڑ روپے تک قرض، اسکالر شپس، اور لیپ ٹاپ اسکیم
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے نوجوانوں کے لیے روزگار اور تعلیم کے مواقع پیدا کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے اہم اقدامات کا اعلان کیا ہے۔ اسلام آباد میں "ہونہار اسکالر شپ پروگرام” (Honhar Scholarship Program) کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ پنجاب حکومت نوجوانوں کو خود مختار بنانے کے لیے انہیں 3 کروڑ روپے تک قرض فراہم کرے گی۔
30 ہزار اسکالر شپس کی تقسیم:
انہوں نے بتایا کہ اس سال 30 ہزار اسکالر شپس دی جا رہی ہیں، جبکہ اگلے سال یہ تعداد 50 ہزار تک بڑھانے کا منصوبہ ہے۔ اسکالر شپس کی تقسیم میں 60 فیصد حصہ طالبات کو دیا گیا ہے تاکہ خواتین کو مزید بااختیار بنایا جا سکے۔
وزیراعلیٰ نے طلبہ کو ان کی محنت پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا:
"یہ وہ تبدیلی ہے جو پاکستانی عوام دیکھ رہے ہیں، یہ اسکالر شپس طلبہ کا حق ہیں، اور ہم نے یہ حق انہیں واپس دیا ہے۔”
نجی جامعات کے طلبہ کو اسکالر شپس:
ملکی تاریخ میں پہلی بار پنجاب حکومت نے نجی جامعات کے طلبہ کو بھی اسکالر شپس دینے کا آغاز کیا ہے۔ مریم نواز نے کہا کہ یہ اقدام تعلیمی مواقع کو وسیع کرنے کی جانب ایک بڑا قدم ہے۔
مریم نواز نے "ہونہار اسکالر شپ پروگرام” (Honhar Scholarship Program) کی تقریب میں اعلان کیا کہ پنجاب حکومت جلد طلبہ کے لیے لیپ ٹاپ اسکیم دوبارہ شروع کرے گی۔ مزید یہ کہ چینی کمپنیوں کے تعاون سے الیکٹرک بائیکس کے مینوفیکچرنگ پلانٹس پنجاب میں لگائے جا رہے ہیں، جس سے اگلے سال ایک لاکھ بچوں کو الیکٹرک موٹر سائیکلیں فراہم کی جائیں گی۔
وزیراعلیٰ نے نوجوانوں کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے کی تلقین کی اور کہا کہ جلاؤ گھیراؤ اور توڑ پھوڑ طلبہ کو زیب نہیں دیتی۔
انہوں نے مزید کہا کہ سیاست کا یہ طریقہ درست نہیں کہ اپنے بچوں کو محفوظ رکھ کر غریبوں کے بچوں کو خطرناک مظاہروں میں دھکیل دیا جائے۔
مریم نواز نے کہا کہ مخالفین کا کام صرف تنقید اور پروپیگنڈا کرنا ہے، جبکہ ہم مصنوعی ذہانت، سائبر سیکیورٹی، اور جدید علوم کے ذریعے طلبہ کو کامیابی کی راہ پر گامزن کر رہے ہیں۔
مزیدخبروں کے لیے ہماری ویب سائٹ ہم مارخور وزٹ کریں۔