اسلام آباد: وفاقی حکومت نے ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے اور جدید ٹیکالوجی کے فروغ کے لیے ایک بڑا اقدام اٹھاتے ہوئے تمام پیٹرول پمپس پر الیکٹرک گاڑیوں کے لیے چارجنگ اسٹیشنز (Charging Stations) نصب کرنے کا حکم دیا ہے۔ وفاقی وزیرِ صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین نے کیپٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کو اس منصوبے کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت دی۔
رانا تنویر حسین کی زیرِ صدارت الیکٹرک وہیکلز پالیسی کا چوتھا اجلاس منعقد ہوا، جس میں متعدد اہم فیصلے کیے گئے۔ اجلاس کے دوران انہوں نے سی ڈی اے کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ جدید اور ماحول دوست منصوبوں کی تکمیل حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
وفاقی وزیر نے انکشاف کیا کہ ملک میں الیکٹرک وہیکلز کو فروغ دینے کے لیے ایک خصوصی پروگرام شروع کیا جا رہا ہے، جس کے تحت فیڈرل بورڈ کے 120 بہترین طلبہ کو مفت الیکٹرک بائیکس فراہم کی جائیں گی۔ مزید یہ کہ 39 ہزار الیکٹرک بائیکس اور 1900 الیکٹرک رکشے کم شرح سود پر رعایتی قرضے کے ذریعے فراہم کیے جائیں گے تاکہ عوام کو جدید ٹرانسپورٹ کے استعمال کی ترغیب دی جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ الیکٹرک وہیکلز پالیسی کا مقصد نہ صرف ماحولیاتی آلودگی کو کم کرنا ہے بلکہ ملک کو توانائی کے قابلِ تجدید ذرائع کی طرف منتقل کرنا بھی ہے۔ شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے تمام مراحل کو مکمل طور پر ڈیجیٹلائز کیا جائے گا تاکہ کسی قسم کی بے ضابطگی نہ ہو۔
اجلاس میں موٹر ویز اور قومی شاہراہوں پر الیکٹرک گاڑیوں کے لیے 40 چارجنگ اسٹیشنز(Charging Stations) کی تعمیر کی پیش رفت کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس منصوبے کا مقصد شہروں کے ساتھ ساتھ دور دراز علاقوں میں بھی چارجنگ کی سہولت فراہم کرنا ہے تاکہ ملک میں الیکٹرک گاڑیوں کا نیٹ ورک وسیع کیا جا سکے۔
مزید برآں، وزیرِ صنعت و پیداوار نے زور دیا کہ وزیراعظم کے ویژن کے تحت اسلام آباد کو ایک ماڈل شہر میں تبدیل کرنے کی کوششیں تیزی سے جاری رکھی جائیں گی۔
اعلامیے میں یہ بھی بتایا گیا کہ الیکٹرک وہیکلز پالیسی کو جلد عوام کے سامنے پیش کیا جائے گا، جس سے نہ صرف شہریوں کو جدید ٹرانسپورٹ کے مواقع میسر آئیں گے بلکہ ملک کے ماحولیاتی مسائل پر قابو پانے میں بھی مدد ملے گی۔