ٹرمپ کی قیادت میں پاک امریکا تعلقات کا نیا دور، سرمایہ کاری کے وسیع مواقع

"پاکستانی قیادت سے مکمل ہم آہنگی، امریکی سرمایہ کاروں کا دوستی کا پیغام”

امریکی سرمایہ کاروں کے وفد کے سربراہ جینٹری بیج (Gentry Beach) نے کہا ہے کہ امریکا پاکستان میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے کا خواہاں ہے اور یہاں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع بھی موجود ہیں، مگر امریکی عوام کو پاکستان کی حقیقی تصویر نہیں دکھائی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ چار برسوں میں بائیڈن انتظامیہ کا رویہ پاکستان کے ساتھ مناسب نہیں تھا، تاہم اب صدر ٹرمپ کی قیادت میں پاک امریکا تعلقات ایک نئے دور میں داخل ہو رہے ہیں۔

اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کے دوران جینٹری بیج (Gentry Beach)نے پاکستان کی قیادت، عوام اور ان کی محنت و صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستانی عوام انتہائی ذہین اور باصلاحیت ہیں، جن کے ساتھ مل کر امریکا معاشی ترقی اور سرمایہ کاری کے دروازے کھولنا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات دہائیوں پر محیط ہیں اور ان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے غلط فہمیاں دور کرنا ضروری ہیں۔

جینٹری بیج نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان میں مختلف شعبوں، بشمول مصنوعی ذہانت، رئیل اسٹیٹ اور معدنیات میں سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع ہیں، جن سے امریکی کمپنیاں بھرپور فائدہ اٹھا سکتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی موجودہ قیادت کی نئی امریکی قیادت کے ساتھ مکمل ہم آہنگ ہے اور یہ ایک مثبت پیشرفت ہے جو دونوں ممالک کے تعلقات میں استحکام لا سکتی ہے۔

انہوں نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے 80 ہزار سے زائد جانوں کی قربانیاں دی ہیں اور ان کی یہ قربانیاں بے مثال ہیں۔ تاہم اب وقت آگیا ہے کہ دنیا ترقی اور امن کے ایک نئے دور میں داخل ہو، جہاں باہمی شراکت داری اور سرمایہ کاری کو فروغ دیا جائے۔

صحافی کی جانب سے کیے گئے ایک سوال کے جواب میں جینٹری بیج نے کہا کہ امریکی انتظامیہ پاکستانی قیادت کا احترام کرتی ہے اور سابق امریکی عہدیدار رچرڈ گرینل کو بھی اب پاکستان کی حقیقی صورتحال کا بہتر اندازہ ہو چکا ہے۔ ان کے مطابق، رچرڈ گرینل کو ڈیپ فیک ٹیکنالوجی کے ذریعے گمراہ کیا گیا تھا، تاہم وہ پاکستان کے نظامِ انصاف کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔

انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اقتصادی سفارت کاری کے ایجنڈے کو آگے بڑھایا جائے گا اور امریکا پاکستان کے ساتھ تجارتی تعلقات کو مزید وسعت دے گا۔ جینٹری بیج (Gentry Beach) نے دونوں ممالک کے درمیان کاروباری اور تجارتی پل کا کردار ادا کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سازگار کاروباری ماحول پیدا کرنا اور روزگار کے مواقع میں اضافہ ان کی اولین ترجیح ہے۔

مزیدخبروں کے لیے ہماری ویب سائٹ ہم مارخور وزٹ کریں۔