سرکاری اور نجی حج اسکیمز: درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ اور اہم ہدایات
وزارت مذہبی امور نےٍ حج 2025 (Hajj 2025) کے لیے حتمی پیکجز کا اعلان کرتے ہوئے عازمین حج کے لیے انتظامات کو حتمی شکل دے دی ہے۔ لانگ حج پیکج کی قیمت 10 لاکھ 75 ہزار روپے جبکہ شارٹ حج پیکج 11 لاکھ 50 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔ حج واجبات کی تیسری قسط یکم سے 10 فروری تک وصول کی جائے گی۔
سرکاری حج اسکیم کے تحت محدود نشستیں باقی ہیں، اور نئی درخواستوں کی وصولی پہلے آئیے پہلے پائیے کی بنیاد پر 30 جنوری تک ممکن ہوگی۔ وزارت نے عازمین کے لیے 600 سرکاری ناظمین مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے جو رہائش، مناسک حج اور دیگر انتظامات میں مکمل رہنمائی فراہم کریں گے۔
حج 2025 (Hajj 2025) کے لیے ہر 150 عازمین پر ایک ناظم مقرر ہوگا جو پاکستان سے روانگی سے لے کر واپسی تک ان کے ہمراہ ہوگا۔ عازمین کو اپنے گروپ کے ناظم کے ساتھ ایئرپورٹ پر جمع ہونے کی ہدایت دی گئی ہے، جبکہ فلائٹ شیڈول کے اعلان کے ساتھ ناظم کی تفصیلات فراہم کی جائیں گی۔
شارٹ حج کی بکنگ مکمل ہوچکی ہے، اب خالی نشستوں پر صرف لانگ حج پیکج کی بکنگ ممکن ہوگی۔ پرائیویٹ اسکیم کے تحت عازمین کی بکنگ 31 جنوری تک جاری رہے گی۔ وزارت نے حج منظم کمپنیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ای پورٹل پر نجی عازمین کا ڈیٹا فوری اپ لوڈ کریں۔
عازمینِ حج کو نئی معلومات اور ہدایات کے لیے وزارت کی جانب سے پیش کردہ ’پاک حج 2025‘ موبائل ایپ ڈاؤن لوڈ کرنے کی سفارش کی گئی ہے تاکہ وہ تمام اپڈیٹس سے باخبر رہ سکیں۔