طویل عرصے بعد پاراچنار (Parachinar) میں بڑا قافلہ پہنچنے کے نتیجے میں شہریوں کی مشکلات میں واضح کمی آئی ہے۔ اشیائے خور و نوش کی ترسیل شروع ہونے سے قیمتوں میں نمایاں کمی آئی، جس پر شہریوں کی خوشی کا کوئی ٹھکانہ نہ رہا۔
ٹماٹر کی قیمت 450 روپے سے کم ہو کر 150 روپے فی کلو، پیاز 600 سے 250 روپے، مٹر 750 سے 250 روپے، گوبھی اور ٹنڈا 500 سے 300 روپے، اور ہری مرچ 800 سے 400 روپے فی کلو پر آ گئی۔ پھلوں میں بھی کمی دیکھنے کو ملی، مالٹا 600 سے 400 روپے، لیموں 800 سے 500 روپے، اور انار 1000 روپے سے 800 روپے پر فروخت ہو رہا ہے۔ زندہ مرغی کی قیمت بھی 1000 روپے سے کم ہو کر 500 روپے فی کلو تک آ گئی ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر مزید اس طرح کے قافلے پاراچنار (Parachinar) پہنچیں تو ان کی مشکلات میں مزید کمی آئے گی، اور اگر ترسیل کے راستوں کو مستقل طور پر بحال کیا جائے تو عوامی ضروریات کی تکمیل میں مدد ملے گی۔
دوسری جانب کرم میں پیٹرول، ڈیزل، اور ایل پی جی کی شدید کمی برقرار ہے۔ پیٹرول پمپ مالکان کا کہنا ہے کہ اپر کرم کی چار لاکھ آبادی کے لیے روزانہ سات ٹینکر فیول درکار ہوتے تھے، مگر پچھلے تین ماہ سے ایک بھی ٹینکر نہیں آیا۔ شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ پیٹرول، ڈیزل اور ایل پی جی کی کمی کو فوری طور پر پورا کیا جائے۔