بھارتی میڈیا کے مطابق، پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی (ICC Champions Trophy) کے لیے ہائبرڈ ماڈل پر مشروط طور پر رضامندی ظاہر کر دی ہے۔
پاکستان نے اپنی رضامندی کے بدلے ایک شرط عائد کی ہے کہ آئندہ بھارت میں ہونے والے آئی سی سی ایونٹس میں پاکستان کے لیے بھی یہی ماڈل اپنایا جائے گا۔ پی سی بی کا کہنا ہے کہ اگر بھارت پاکستان میں نہیں کھیلے گا، تو پاکستان کے لیے بھی وہی اصول نافذ کیے جائیں جو بھارت کے لیے ہوں گے۔
پی سی بی نے مزید یہ شرط رکھی ہے کہ اگر بھارت سیمی فائنل یا فائنل تک نہیں پہنچتا تو یہ میچز پاکستان میں ہوں گے۔ اس کے علاوہ، متحدہ عرب امارات میں ہونے والے میچز کی گیٹ منی سے پی سی بی کو حصہ ملے گا۔
پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر پاکستان کی یہ شرائط تسلیم نہ کی گئیں، تو وہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی (ICC Champions Trophy) کے ہائبرڈ ماڈل کو مسترد کر دیں گے۔
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے حتمی فیصلہ اگلے ایک دو دن میں متوقع ہے۔