پاکستان کرکٹ بورڈ کی ٹیم میں غیر متوقع شمولیت؛ وسیم اکرم نے کی شدید تنقید

"وسیم اکرم نے فہیم اشرف اور خوشدل شاہ کی سلیکشن کو ناقابلِ فہم قرار دیا”

سابق کپتان وسیم اکرم نے چیمپئنز ٹرافی 2025 (ICCChampions Trophy) کے لیے قومی ٹیم کی سلیکشن پر شدید تنقید کی ہے، خاص طور پر فہیم اشرف اور خوشدل شاہ کی اچانک شمولیت کو ناقابلِ فہم قرار دیتے ہوئے۔ ایک تقریب میں میڈیا کے سامنے بات کرتے ہوئے اکرم نے کہا کہ اگرچہ فہیم اشرف میں کچھ صلاحیت موجود ہے، مگر پچھلے بیس میچوں میں ان کی باؤلنگ کی اوسط 100 اور بیٹنگ کی اوسط صرف 9 رہی ہے، جس سے ان کی ٹیم میں شمولیت سوالیہ نشان بن جاتی ہے۔ خوشدل شاہ کی منتخب ہونے پر بھی اکرم نے اپنی بے چینی کا اظہار کیا اور کہا کہ ایسے کھلاڑی کس طرح ٹیم کا حصہ بن سکتے ہیں۔

اکرم نے مزید کہا کہ اگرچہ وہ دونوں کھلاڑیوں کی سلیکشن پر اعتراض رکھتے ہیں، پھر بھی قومی ٹیم کی حمایت کی اپیل کرتے ہیں کیونکہ ایک مرتبہ ٹیم منتخب ہو جانے پر ہمیں اسے سپورٹ کرنا ہوگا۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ پاکستان نے ٹیم میں صرف ایک اسپنر کو شامل کیا ہے، جبکہ بھارت نے اپنی ٹیم میں چار اسپنرز کو جگہ دی ہے۔ اکرم نے امید ظاہر کی کہ ہوم گراؤنڈ کا فائدہ ضرور ہوگا اور ٹیم سیمی فائنل تک پہنچنے کی راہ ہموار ہوگی۔

انہوں نے قومی ٹیم کے اوپننگ کے مسئلے پر بھی تبصرہ کیا کہ ایک مثبت قدم یہ ہے کہ ریگولر اوپننگ بلے باز فخر زمان کو ٹیم میں دوبارہ شامل کیا گیا ہے، لیکن اب دیکھنا ہے کہ اوپننگ اننگز کا آغاز کون کرے گا۔

یہ بات واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی نے دو دن قبل قومی ٹیم کا اعلان کیا تھا جس میں فہیم اشرف اور خوشدل شاہ کو حیران کن طور پر شامل کیا گیا، جو مستقبل کے منصوبوں میں شامل نہیں تھے۔ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 (ICCChampions Trophy ) کے لیے 15 رکنی اسکواڈ میں عبداللہ شفیق، محمد عرفان خان، صائم ایوب اور سفیان مقیم کی جگہ فہیم اشرف، فخرزمان، خوشدل شاہ اور سعود شکیل کو شامل کیا گیا ہے۔ چیمپئنز ٹرافی پاکستان میں 19 فروری سے 9 مارچ تک منعقد ہوگی۔
مزیدخبروں کے لیے ہماری ویب سائٹ ہم مارخور وزٹ کریں۔