ڈپلومیٹک پاسپورٹ کیس، سردار تنویر الیاس کے 3 روزہ جسمانی ریمانڈ کی منظوری

اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے سابق وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر سردار تنویر الیاس (Sardar Tanveer Ilyas) کا تین روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا ہے۔

گزشتہ روز گرفتار کیے گئے سابق وزیر اعظم سردار تنویر الیاس کو ڈسٹرکٹ کورٹ اسلام آباد میں پیش کیا گیا۔ سردار تنویر الیاس کو وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کی جانب سے سول جج عباس شاہ کی عدالت میں پیش کیا گیا، ان کی جانب سے وکلا صابر ملک ایڈوکیٹ اور نوید رضا مغل عدالت میں موجود تھے۔

ایف آئی اے کے پراسیکیوٹر نے مؤقف اختیار کیا کہ سردار تنویر الیاس نے وزیر اعظم کا عہدہ چھوڑنے کے بعد بھی ڈپلومیٹک پاسپورٹ کا استعمال کیا اور اس پر سعودی عرب کا دورہ کیا۔ ان کے عہدہ چھوڑنے کے بعد، قانون کے مطابق، وہ اس پاسپورٹ کا استعمال نہیں کر سکتے تھے۔ پراسیکیوٹر نے مزید کہا کہ سردار تنویر الیاس کا پاسپورٹ منسوخ کیا گیا تھا مگر انہوں نے واپس نہیں کیا، اس لیے ان سے پاسپورٹ ریکور کروانا ہے اور 8 دن کا ریمانڈ دیا جائے۔

وکیل صفائی نے کہا کہ سردار تنویر الیاس سابق وزیر اعظم ہیں اور ڈپلومیٹک پاسپورٹ استعمال کر سکتے ہیں، انہوں نے صرف سعودی عرب کا دورہ کیا تھا۔ وکیل نے کہا کہ پاسپورٹ عدالت میں پیش کرنے کو تیار ہیں۔

ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے کہا کہ پاسپورٹ استعمال کر کے جرم کا اقرار کیا گیا ہے، تاہم عدالت نے 8 روزہ ریمانڈ کی بجائے سردار تنویر الیاس کا 3 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے اسلام آباد میں واقع ایک نجی شاپنگ مال کے سیکیورٹی انچارج پر تشدد اور تالے توڑنے کے مقدمے میں سردار تنویر الیاس کی 50 ہزار روپے کے مچلکوں پر ضمانت بعد از گرفتاری منظور کی تھی۔ اس سے قبل، مقامی عدالت نے انہیں اس کیس میں جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھیجنے کا حکم بھی دیا تھا۔

یکم مئی کو وفاقی دارالحکومت میں واقع سینٹورس مال کے مرکزی دفاتر اور اہم دستاویزات پر قبضہ کے الزام میں سردار تنویر الیاس کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ دعویٰ کیا گیا تھا کہ عمارت سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر کی ملکیت ہے۔

مقدمہ ڈپٹی سیکیورٹی انچارج سینٹورس مال کی جانب سے درج کرایا گیا جس میں کہا گیا کہ تنویر الیاس 20 سے 25 مسلح افراد کے ہمراہ سینٹورس مال کے دفتر میں تالا توڑ کر داخل ہوئے اور دفتر پر قبضہ کرنے کی کوشش کی، جسے سیکیورٹی گارڈز نے ناکام بنا دیا۔

ایف آئی آر میں مزید کہا گیا کہ سردار تنویر الیاس (Sardar Tanveer Ilyas) نے سیکیورٹی اہلکار پر تشدد کیا اور ڈپٹی سیکیورٹی انچارج کرنل ریٹائرڈ ٹیپو سلطان پر بھی فائر کیا، جو خوش قسمتی سے مس ہو گیا۔

یاد رہے کہ پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ سردار تنویر الیاس 2022 میں آزاد جموں و کشمیر کے 14ویں وزیر اعظم منتخب ہوئے تھے۔

مزیدخبروں کے لیے ہماری ویب سائٹ ہم مارخور وزٹ کریں۔