میڈیا کے مقدمات مفت لڑیں گے، پی ٹی آئی رہنما سردار لطیف کھوسہ کا اعلان

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی رہنما سردار لطیف کھوسہ (Sardar Latif Khosa) نے میڈیا پرسنز کے مقدمات عدالتوں میں مفت لڑنے کا اعلان کیا۔

انصاف ہاؤس کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سردار لطیف کھوسہ نے کہا کہ میڈیا پاکستان کا چوتھا ستون ہے اور 2023ء کی ہیومن رائٹس رپورٹ میں میڈیا پر تشدد کا ذکر کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم میڈیا پرسنز پر ہونے والے تشدد کی شدید مذمت کرتے ہیں اور ان کے عدالتوں میں مقدمات مفت لڑیں گے۔

پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ پہلے تحریکیں حکومت بنانے یا گرانے کے لیے چلائی جاتی تھیں، لیکن ہم آئین کے نفاذ کے لیے نکلیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے جماعت اسلامی، پاکستان عوامی تحریک، پیر پگارا اور دیگر سیاسی جماعتوں سے درخواست کی ہے، فضل الرحمان کو بھی مینڈیٹ چوروں کے خلاف تحریک میں شامل کریں گے۔

سردار لطیف کھوسہ (Sardar Latif Khosa) نے یہ بھی کہا کہ کراچی جلسے کے لیے سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی ہے، پاکستان کی ترقی آئین کی بالادستی میں ہے، اور پاسداری صرف آئین کی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ آئین میں ریاست کی تعریف کی گئی ہے، ڈسٹرکٹ گورنمنٹ سے صوبائی اور وفاقی حکومت تک ریاست ہے، آرٹیکل 5 میں درج ہے کہ وفاداری عوام کے ساتھ ہوگی۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ پارلیمنٹ عوام سے مکمل ہوتا ہے، عوام کے پیسے سے افواج ہو یا عدلیہ سب کو تنخواہیں ملتی ہیں، یہ ادارے عوام کے خادم ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عوام کو ہمیشہ غلامی میں دھکیلا گیا ہے، 45 سال بعد عدلیہ نے تسلیم کیا کہ بھٹو کو پھانسی غلط دی گئی۔ ملک کی ترقی مارشل لاء کی نظر ہوگئی، پہلے ان لوگوں کو عوام سے معافی مانگنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ایک سال میں کوئی چیز ثابت نہیں کی گئی، پھر بھی سیاسی لوگوں کو بند رکھا ہوا ہے۔ آج بھی ملک کو چلانے کے لیے بانی پی ٹی آئی کو واپس لانا ہوگا اور سیاسی اسیروں کو رہا کرنا ہوگا۔

مزیدخبروں کے لیے ہماری ویب سائٹ ہم مارخور وزٹ کریں۔