راہُل گاندھی کا نیا پیغام: “بھارت کو مودی جی نہیں چاہیے”

بھارتی اپوزیشن جماعت کانگریس اور اپوزیشن اتحاد ’انڈیا‘ کے مرکزی رہنما راہُل گاندھی (Rahul Gandhi) نے کہا ہے کہ اس الیکشن میں نہ صرف بھارتیا جنتا پارٹی (بی جے پی) کے خلاف بلکہ پوری ریاستی مشینری کے خلاف لڑائی لڑی گئی اور الیکشن کے نتائج نے بھارت کے متفقہ فیصلے کا اعلان کیا ہے کہ بھارت کو مودی جی نہیں چاہئیں۔

بھارت میں آج عام انتخابات کے نتائج کا اعلان ہونے جا رہا ہے جس میں کانگریس کی زیر قیادت بنائے گئے اپوزیشن اتحاد ’انڈیا‘ کو بڑی تعداد میں سیٹیں ملنے کی توقع ہے۔

انتخابی نتائج کے اعلان سے قبل کانگریس کے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے راہُل گاندھی (Rahul Gandhi) نے کہا کہ اس الیکشن میں نہ صرف بی جے پی بلکہ پوری ریاستی مشینری کے خلاف الیکشن لڑا گیا کیونکہ خفیہ ایجنسیاں، بیوروکریسی اور آدھی عدلیہ ہمارے خلاف تھیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بی جے پی نے پارٹیاں توڑیں، وزرائے اعلیٰ کو جیلوں میں ڈالا اور ہر ہتھکنڈا استعمال کیا لیکن اس کے باوجود بھارت نے متفقہ فیصلہ سنایا ہے کہ بھارت کو اب مودی جی نہیں چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ کانگریس نے متحد ہو کر حکومت کے خلاف انتخاب لڑا، بھارت کو بچانے کا کام غریب لوگوں، مزدوروں اور کسانوں نے کیا اور انڈیا اتحاد نے اس الیکشن سے بھارتی آئین کو بچا لیا ہے۔

کانگریس کے رہنما نے کہا کہ انتخابی نتائج نے مودی جی کو واضح پیغام دیا کہ عوام اب انہیں اقتدار میں نہیں دیکھنا چاہتے۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں کون سی سیٹ رکھوں گا اور کون سی چھوڑوں گا ابھی اس کا فیصلہ نہیں ہوا اور جب تک اتحادیوں سے بات نہیں کروں گا، اس وقت تک مستقبل کا فیصلہ نہیں کرسکتا۔

کانگریس کے صدر ملک ارجن کھرگے نے اس موقع پر کہا کہ لوک سبھا انتخابات میں کانگریس نے بڑی فتح حاصل کی ہے اور بی جے پی اپنے ناپاک عزائم میں ناکام رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ پہلے ہی کہا تھا یہ انتخابات مودی بمقابلہ عوام تھے، یہ نتائج حکمران جماعت کی بہت بڑی ہار اور عوام کی جیت ہے۔

مزیدخبروں کے لیے ہماری ویب سائٹ ہم مارخور وزٹ کریں۔