کاراندازاورپوسٹ ایکس کے مابین کیش آن ڈیلیوری پے منٹس کو ڈیجیٹل کرنے کے لیے شراکت داری

اسلام آباد۔ (نیوز ڈیسک) ملک میں سرمایہ کاری، پائیدار اقتصادی ترقی اور شمولیت کے لیے مالیاتی و سماجی تحفظ کے نظام کو مضبوط بنانے کے لیے کوشاں کارانداز پاکستان نے 20ہزار سے زائد رجسٹرڈ تاجروں اور2کروڑ سے زائد کسٹمر بیس کے حامل، ای کامرس کے بڑے پلیٹ فارم پوسٹ ایکس (PostEx)کے ساتھ شراکت داری کا اعلان کیا ہے جس کا مقصد کیش آن ڈیلیوری (COD) پے منٹس کو ڈیجیٹائز کر کے پاکستان کے ای کامرس کے منظر نامے کو تبدیل کرنا ہے۔

یہ شراکت داری کارنداز کے ای کامرس ویلیو چین ڈیجیٹائزیشن اقدام کے تحت کی گئی ہے جو نقد ادائیگیوں کو ڈیجیٹل میں منتقل کرنے اور نئے مواقعوں کے ذریعے متحرک ڈیجیٹل معیشت کو فروغ دینے پر خصوصی توجہ کے ساتھ ای کامرس انڈسٹری میں مثبت تبدیلی لانا چاہتا ہے۔

کیش آن ڈیلیوری (COD) ای کامرس میں ادائیگی کابہترین طریقہ ہے، جو تمام ٹرانزیکشنز کا تقریباً 90فیصدہے۔ نقد ادائیگی پر بہت زیادہ انحصار،ای کامرس انڈسٹری کی ترقی کی راہ میں رکاوٹ بنتا ہے جس کے نتیجے میں آپریشنز میں رکاوٹ اورانتظامی امور کے اخراجات بڑھ جاتے ہیں۔گھر کی دہلیز پر ڈیجیٹل پے منٹس کی طلب کے باوجود ابھی تک صارفین کو پے منٹس کے لیے بہت کم اختیارات حاصل ہیں۔اس شراکت داری کا مقصد صارف کی دہلیز پر مختلف ڈیجیٹل ادائیگی کے طریقے، جیسا کہ QR کوڈز، پے۔بائی۔لنک اور سافٹ ویئر پوائنٹ آف سیل سسٹمز متعارف کروا کر اس مسئلے کو حل کرنا ہے۔

اس پروجیکٹ کو 6 بڑے شہروں میں پائلٹ کے طور پر شروع کیا جائے گا تاکہ صارفین کی تجاویز اور ادائیگی کے ان طریقوں کو اپنانے کی خواہش کا اندازہ لگایا جا سکے اور ای کامرس سروس فراہم کرنے والوں کے لیے ڈیجیٹل ادائیگیوں کے کاروباری معاملے کا جائزہ لیا جا سکے۔ اس کا مقصد نقدی کے بغیر لین دین کے فروغ اور ڈیجیٹل ادائیگی کے فوائد کے بارے میں آگاہی پیدا کرناہے۔

کار انداز کے سی ای او وقاص الحسن نے کہاکہ، ”یہ تعاون پاکستان میں کیش لیس اکانومی کے قیام کے ہمارے عزم میں ایک اہم سنگ میل ہے۔ ڈیجیٹائزیشن کے اپنے وسیع تر ایجنڈے کو آگے بڑھاتے ہوئے، ہمارا مقصد جدید مالیاتی نظام کے ذریعے معاشی ترقی میں اپنا حصہ ڈالنا ہے۔ ڈیجیٹل پاکستان کے وژن کو عملی جامہ پہنانے کے لیے PostEx کے ساتھ ہماری شراکت بہت اہم ہے، جہاں بغیر کسی رکاوٹ کے ڈیجیٹل لین دین سے صارفین اور کاروبار دونوں کو یکساں فائدہ پہنچ رہا ہے۔“

پوسٹ ایکس لاجسٹکس (PostEx Logistics) کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر جواد مرزا نے کہا کہ،”نقد ادائیگیاں پاکستان کے بڑے چیلنجز میں سے ایک ہیں جس سے نمٹنے کے لیے جدید حل تلاش کرنے کی ضرورت ہے۔ ایسی شراکت داریاں مارکیٹ کو درست سمت میں چلانے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ صارفین کی منفرد ضروریات کو سمجھنا اور اختراعی حل تیار کرناکیش آن ڈلیوری(COD) کو ڈیجیٹائز کرنے کا واحد طریقہ ہے، جو ای کامرس کی مجموعی لین دین میں 95 فیصد سے زائد ہے۔ پوسٹ ایکس (PostEx) 30 فیصد سے زیادہ مارکیٹ شیئر کے ساتھ لوگوں تک پہنچنے کے لیے اچھا پلیٹ فارم ہے اورکاراندازکی مدد سے لاکھوں لوگوں کو ڈیجیٹل ادائیگیوں کے قابل بنائے گا۔“

کارانداز میں ڈیجیٹل فنانشل سروسز کے ڈائریکٹر شرجیل مرتضیٰ نے کہا کہ،”ای کامرس عالمی سطح پر معاشی ترقی کا ایک اہم محرک ہے۔ نقد لین دین کی بہتات معاشی ترقی کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہے جسے جدید حل کے ذریعے دور کرنے کی ضرورت ہے۔ پوسٹ ایکس کے ساتھ ہمارا پائلٹ پروگرام اس بڑی رکاوٹ کا تدارک کرتاہے۔ سچ تو یہ ہے کہ آرڈر کے وقت پے منٹس پر کارروائی نہ ہونے اور تنازعات کو حل کرنے کے لیے قابل اعتبار طریقہ نہ ہونے جیسے خدشات ہی اعتماد کی راہ میں رکاوٹ ہیں۔ اس شراکت داری سے ہم گھر کی دہلیز پر ڈیجیٹل پے منٹس کو فعال کریں گے جو تقد ادائیگی سے متعلق خدشات کو فوری حل کرنے میں مدد دے گا۔اس پے منٹس ایکوسسٹم کے ذریعے صارفین کے تجربے کو بہتر بنا کر پاکستان میں ای کامرس کے کاروبارکو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے میں مدد ملے گی۔“

کارانداز اور پوسٹ ایکس کا اشتراک ڈیجیٹل ایکو سسٹم کو سمجھنے میں ایک اہم پیش رفت ہے۔ اس اقدام کا مقصد پاکستان میں ای کامرس پے منٹ کے منظر نامے میں مثبت تبدیلی لاتے ہوئے، ڈیجیٹل معیشت کو بڑھانا اور پائیدار اقتصادی ترقی کو فروغ دینا ہے۔

مزیدخبروں کے لیے ہماری ویب سائٹ ہم مارخور وزٹ کریں۔