پی ایف ایل کے وفد کی رانا ثناء اللہ سے ملاقات؛ پاکستان فٹ بال لیگ کو مکمل تعاون کی یقین دہانی

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستان میں فٹ بال کی ترقی و ترویج کے لیے پاکستان فٹبال لیگ(PFL) کے وفد نے وزیراعظم کے مشیر اوروزیر برائے بین الصوبائی رابطہ، رانا ثناءاللہ سے ملاقات کی ۔ وفاقی مشیر رانا ثناء اللہ نے پاکستان فٹبال لیگ کے وفد کو خوش آمدید کہا اورپاکستان میں پی ایف ایل (PFL)کوفروغ دینے کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔

پاکستان فٹبال لیگ کے وفد نے مائیکل اوون اور فرحان احمد جونیجو کی زیر قیادت وفاقی وزیر رانا ثناءاللہ، وفاقی سیکرٹری، ندیم ارشاد کیانی سمیت وزارت کے اعلٰی حکام سے ملاقات کی اور پاکستان میں فٹبال کی ترقی کے لیے ایک جامع منصوبہ پیش کیا۔۔ملاقات میں ایمیل ہسکی، پاسکل چمبونڈا، مائیک فرنان، ڈیوڈ گومز، لوئس میگوئل اور مائیک ایلیسن جیسی نامورشخصیات بھی موجود تھیں ۔

اس موقع پر وزیراعظم کے مشیر برائے بین الصوبائی رابطہ، رانا ثناءاللہ نے کہا کہ آپ ہمارے پاس 27افراد پر مشتمل وفد ساتھ لیکر لائے ہیں ،ان میں 8ملکوں کے فٹبال کے بڑے بڑے نام بھی شامل ہیں ہم انہیں پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتے ہیں ۔ تمام مشکلات کے باوجود، آپ پاکستان میں فٹبال کی ترقی اور بچوں کے روشن مستقبل کے لیے کام کرتے رہیں۔ جو بھی مدد درکار ہو، حکومت پاکستان آپ کو فراہم کرے گی۔ یہ قدم پاکستان اور اس کے بچوں کے لیے انتہائی اہم ہے اور ملک میں ایک گیم چینجر ثابت ہوگا۔

وفاقی مشیرجناب رانا ثنا اللہ نے کہا کہ وزیر اعظم اس وقت چائنا کے دورے پر ہیں اس لیے انہوں نے مجھے یہ مینڈیٹ دیا ہے ساتھ ساتھ اپنی اور اپنی منسٹر ی کی طرف سے یہ یقین دہانی کروائی ہے کہ حکومت آپ لوگوں کے ساتھ فٹبال کی ترقی میں شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پی ایف ایل کا دورہ پاکستان میں فٹبال کے فروغ کے لیے ایک اہم سنگ میل ہوگا۔ ہم پی ایف ایل اور تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر پاکستان میں فٹبال کا مضبوط ایکو سسٹم بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔

اجلاس کے دوران، وفد کے سربراہ مائیکل اوون نے اس منصوبے کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اس کا مقصد پاکستان میں فٹبال کے بنیادی ڈھانچے کو ترقی دینا، سرمایہ کاری کو متوجہ کرنا، نوجوان ٹیلنٹ کو ابھارنا اور ملک میں فٹبال کے معیار کو مجموعی طور پر بہتر بنانا ہے۔

مزیدخبروں کے لیے ہماری ویب سائٹ ہم مارخور وزٹ کریں۔