پیٹرول پمپس کی بندش کا اعلان: 5 جولائی کو ہڑتال، عبدالسمیع خان کا الٹی میٹم

چیئرمین پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن عبدالسمیع خان نے اعلان کیا ہے کہ 5 جولائی کو ہم اپنے پیٹرول پمپس (Petrol pumps)‌ بند کر دیں گے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران عبدالسمیع خان نے کہا کہ دنیا میں کہیں بھی نقصان میں پمپس نہیں چلائے جاتے اور ڈبل ٹیکسیشن کی کوئی مثال نہیں ملتی۔

انہوں نے بتایا کہ آج ہم ایک اہم مسئلے پر وزیر خزانہ سے ملے، ہم پر ایڈوانس ٹیکس کے نام سے 0.5 فیصد ٹیکس لگا دیا گیا ہے، جو پہلے سے کم مارجن کی وجہ سے ہمیں مزید پریشان کر رہا ہے۔

عبدالسمیع خان نے خبردار کیا کہ اگر یہ ٹیکس نافذ کیا گیا تو ہمارے پیٹرول پمپس (Petrol pumps) بند ہو جائیں گے۔ انہوں نے وزارت خزانہ سے درخواست کی کہ ہمیں دیگر شعبوں کی طرح نہ سمجھا جائے۔ اگر ہمارا کاروبار ختم ہوا تو ہم انتہائی اقدامات کرنے پر مجبور ہوں گے۔

چیئرمین پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے یہ بھی کہا کہ ایران سے تیل کی اسمگلنگ ہو رہی ہے اور ہماری کوئی شنوائی نہیں ہو رہی۔ ہم نے ہر ادارے سے رجوع کیا لیکن کسی نے ہماری بات نہیں سنی۔

انہوں نے مزید کہا کہ چاہتے ہیں کہ ایران سے معاہدہ کر لیا جائے اور ایرانی تیل پر ٹیکس لگایا جائے، اسمگلنگ کو روکنا حکومت کی ذمہ داری ہے.
مزیدخبروں کے لیے ہماری ویب سائٹ ہم مارخور وزٹ کریں۔