آئی ایم ایف کا مراعات یافتہ طبقے سے منصفانہ ٹیکس وصولی کا مطالبہ

اسلام آباد: بین الاقوامی مالیاتی فنڈ ( IMF) نے پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ مراعات یافتہ طبقے سے منصفانہ ٹیکس وصولی کی جائے اور ٹیکس نیٹ کو بڑھانے کے اقدامات کیے جائیں۔

تفصیلات کے مطابق، پاکستان سے مذاکرات کے بعد آئی ایم ایف نے ایک اعلامیہ جاری کیا ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی حکومت آمدن بڑھانے کے لیے سنجیدہ کوششیں کر رہی ہے اور مراعات یافتہ طبقے سے منصفانہ ٹیکس وصولی کو یقینی بنانا چاہئے۔

آئی ایم ایف نے بتایا کہ پاکستان نے نئے قرض پروگرام کے لیے باضابطہ درخواست دی ہے، جس پر آئی ایم ایف کے مشن چیف نیتھن پورٹر کی قیادت میں وفد نے پاکستان کا دورہ کیا۔ اس دورے کے دوران 13 سے 23 مئی تک پاکستان کی معیشت کی بہتری کے لیے طویل مذاکرات کیے گئے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ملکی معیشت میں گروتھ اور استحکام کے لیے ٹیکس نیٹ کو بڑھانے کے اقدامات ناگزیر ہیں۔

آئی ایم ایف (IMF)نے اس بات پر بھی زور دیا کہ مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے لیے پالیسی اور ایکسچینج ریٹ کو مناسب سطح پر رکھنا ہوگا۔

اعلامیے کے مطابق، پاکستان میں توانائی کی اصلاحات اہم ہیں۔ توانائی کی پیداواری لاگت کم کرنے اور مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے لیے سخت مالیاتی پالیسی استعمال کرنے کے ساتھ ساتھ سرکاری کارپوریشنز کی کارکردگی بہتر بنانے اور ان کی نجکاری کی ضرورت ہے۔

مزیدخبروں کے لیے ہماری ویب سائٹ ہم مارخور وزٹ کریں۔