بانی پی ٹی آئی کی غیر موجودگی میں متنازع ویڈیو کا اپلوڈ: زین قریشی نے پردہ اٹھا دیا

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اکاؤنٹ پر شیخ مجیب اور یحییٰ خان سے متعلق ویڈیو کس نے اپ لوڈ کی، اس معاملے نے تحریک انصاف کو مشکل میں ڈال دیا ہے اور وضاحتیں دینا پڑ رہی ہیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر اور علی محمد خان کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی (Founder PTI) کو اس ویڈیو کے بارے میں کچھ علم نہیں ہے۔

پی ٹی آئی کے ترجمان رؤف حسن نے کہا کہ انہیں بھی اس بارے میں کوئی علم نہیں ہے اور بتایا کہ اکاؤنٹ امریکہ سے چلایا جاتا ہے۔

ایک انٹرویو میں رؤف حسن نے کہا کہ وہ تفتیش کریں گے کہ بانی پی ٹی آئی کے ایکس اکاؤنٹ پر شیخ مجیب الرحمان کی ویڈیو کس نے اپ لوڈ کی۔

رؤف حسن نے مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کے جن ایم این ایز اور ایم پی ایز نے شیخ مجیب الرحمان کی ویڈیو ری ٹویٹ کی ہے، انہوں نے یہ اقدام اپنی ذاتی حیثیت میں اٹھایا ہے۔

ویڈیو کی انکوائری کے اعلان کے بعد رؤف حسن نے کہا کہ انہوں نے ابھی تک یہ ویڈیو خود بھی نہیں دیکھی۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما زین قریشی نے نیا پنڈورا بکس کھول دیا اور کہا کہ جو کچھ بھی اپ لوڈ ہوتا ہے، وہ بانی پی ٹی آئی کی مرضی سے ہوتا ہے۔

دوسری جانب، اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی نے ایف آئی اے کی ٹیم سے ملنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی سوال کا جواب وکلاء کی موجودگی میں دیں گے۔

پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی نے آج ایک اجلاس طلب کیا ہے، جس میں متنازع ٹوئٹ پر مشاورت کی جائے گی۔

واضح رہے کہ ایف آئی اے کے سائبر کرائم ونگ نے بانی پی ٹی آئی (Founder PTI) کے خلاف انکوائری کا فیصلہ کیا ہے۔

مزیدخبروں کے لیے ہماری ویب سائٹ ہم مارخور وزٹ کریں۔