پاک بھارت میچ میں شکست کے بعد، چیئرمین پی سی بی کی ٹیم کی کارکردگی پر سخت تنقید

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی (Chairman PCB Moshin Naqvi) نے کہا ہے کہ قومی ٹیم کو چھوٹی نہیں بڑی سرجری کی ضرورت ہے۔

پاک بھارت میچ کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ پاکستانی کرکٹ اپنی سب سے کم ترین کارکردگی پر ہے، ہمارا بڑا چیلنج پاکستانی ٹیم کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانا ہے۔
س
محسن نقوی نے کہا کہ ہماری ترجیح پاکستانی کرکٹ ٹیم کو دنیا کی بہترین ٹیم بنانا ہے۔ ہمیں بخوبی اندازہ ہے کہ کون سے مسائل درپیش تھے اور شکست کی وجوہات کیا تھیں۔

چیئرمین پی سی بی (Chairman PCB) نے کہا کہ بھارت کے خلاف شکست ہر لحاظ سے مایوس کن تھی۔

واضح رہے کہ قومی ٹیم ٹی 20 ورلڈ کپ کے ابتدائی دونوں میچ ہار چکی ہے، پہلے میچ میں نوآموز امریکہ نے پاکستان کو سپر اوور میں 5 رنز سے شکست دے دی تھی۔

پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 159 رنز بنائے، جواب میں امریکہ کی ٹیم بھی 3 وکٹوں کے نقصان پر اتنے ہی رنز بنا سکی تھی، اس طرح میچ کا فیصلہ سپر اوور میں ہوا۔

دوسرے اور ہائی وولٹیج میچ میں بھارت نے پاکستان کے خلاف شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے گرین شرٹس کو یقینی فتح سے محروم کر دیا۔

ٹاس جیت کر کپتان بابر اعظم نے پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا اور بھارت کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

پاکستان نے بہترین گیندبازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 119 کے مجموعے پر پوری بھارتی ٹیم کو پویلین واپس بھیج دیا۔ ہر چند کہ بھارت کی بیٹنگ لائن بری طرح سے ناکام رہی اور صرف تین بلے باز ہی ڈبل فیگر میں داخل ہو سکے۔

پاکستان کی جانب سے نسیم اور حارث نے تین، تین، عامر نے دو جبکہ شاہین نے ایک وکٹ حاصل کی۔

تاہم قومی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر صرف 113 رنز بنا سکی، یوں اسے 6 رنز سے شکست ہو گئی۔

مزیدخبروں کے لیے ہماری ویب سائٹ ہم مارخور وزٹ کریں۔